ڈونلڈ ٹرمپ نے نسل پرستوں سے لاتعلقی کا اظہار کر دیا

ڈونلڈ ٹرمپ نے نسل پرستوں سے لاتعلقی کا اظہار کر دیا

واشنگٹن :نومنتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے نسل پرست 'آلٹ رائٹ' گروپ سے لاتعلقی ظاہر کی ہے جس نے ان کی جیت کی خوشی نازی سیلوٹ کر کے منائی تھی۔اخبار نیویارک ٹائمز کے ساتھ ایک انٹرویو میں انھوں نے کہاکہ 'میں ان کی مذمت کرتا ہوں۔ میں انھیں مسترد کرتا ہوں۔
انھوں نے کہا کہ وہ اس تنظیم کو تقویت نہیں دیں گے، جس میں نیو نازی، سفید قوم پرست اور یہود دشمن شامل ہیں۔نیویارک ٹائمز کے ساتھ انٹرویو میں ٹرمپ نے اپنے چیف پالیسی ساز اور برائٹ بارٹ نیوز کے سابق سربراہ سٹیو بینن کی حمایت کرتے ہوئے ان دعووں کو مسترد کر دیا کہ ان کی کٹر قدامت پسند ویب سائٹ سفید فام نسل پرست تحریک سے تعلق رکھتی ہے۔
انھوں نے نیویارک ٹائمز کو بتایا کہ 'برائٹ بارٹ محض ایک اخبار ہے۔ وہ ایسے ہی خبریں نشر کرتے ہیں جیسے آپ کرتے ہیں۔ اگر میں سمجھتا کہ وہ نسل پرست ہیں یا آلٹ رائٹ ہیں یا اس قسم کی کوئی بھی چیز ہیں تو میں ان کی خدمات حاصل کرنے کے بارے میں کبھی نہ سوچتا۔