تین ماہ کے بچے نے گاڑی چوری ہونے سے بچا لی

تین ماہ کے بچے نے گاڑی چوری ہونے سے بچا لی

نیو یارک: امریکا میں ایک خاتون کھانے پینے کی چیزیں لینے کے لیے گاڑی سے نکلی ہی تھیں کہ پیچھے سے ایک چور ان کی گاڑی میں داخل ہوا اور یہ جا وہ جا۔ پریشانی کی بات صرف یہ نہیں تھی کہ گاڑی چوری ہوگئی، بلکہ اس سے زیادہ تشویش ناک بات یہ تھی کہ ان کا تین مہینے کا بچہ بھی گاڑی میں ہی موجود تھا۔ لیکن اس بچے کی گاڑی میں موجودگی ہی اسے چوری ہونے سے بچا گئی کیونکہ جب چور کو اندازہ ہوا کہ اس میں بچہ بھی موجود ہے تو وہ 20 منٹ دوری کے فاصلے پر گاڑی چھوڑ کر بھاگ گیا۔

یہ واقعہ نیو یارک شہر کے علاقے اسٹیٹن آئی لینڈ میں فورٹ ایج کے مقام سے چوری ہوئی تھی اور بروکلن سے ملی۔ ایک گھنٹے کے بعد جب کرسٹائن گروسو نامی خاتون کو بچہ لیام ملا تو وہ شدت غم سے نڈھال ہو چکی تھیں۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کا ایک ہیلی کاپٹر گاڑی کے تعاقب میں نکل گیا جو ویرازانو پل پار کرکے بروکلن میں پہنچی جہاں سن سیٹ پارک کے پاس ڈرائیور نے گاڑی کو چھوڑ دیا اور بھاگ گیا۔بعد ازاں بچے کو احتیاطی تدبیر کے طور پر ہسپتال لایاگیا جہاں اس کے والد مائیک کیلر نے کہا کہ وہ سخت صدمے کی حالت میں تھے۔ "جب بچہ واپس ملا تو بالکل وہی احساس تھا جو اس کے پیدا ہونے پر تھا۔ مجھے خوشی ہے کہ وہ بہت جلد مل گیا لیکن یہ چند لمحے بہت بھیانک تھے۔" پولیس اب بھی چور کو تلاش کر رہی ہے۔