میاں بیوی کو زندہ جلانے والے 5 مجرموں کو سزائے موت کا حکم

میاں بیوی کو زندہ جلانے والے 5 مجرموں کو سزائے موت کا حکم

لاہور: انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے کوٹ رادھا کشن کیس میں جرم ثابت ہونے پر 5 مجرموں کو سزائے موت سنا دی۔ یاد رہے کہ 2014 میں کوٹ رادھا کشن میں مسیحی میاں بیوی شمع اور شہزاد کو زندہ جلا دیا گیا تھا۔

انسداد دہشت گردی کی عدالت میں کوٹ رادھا کشن کیس کی سماعت ہوئی۔ سماعت کے دوران جرم ثابت ہونے پر عدالت نے 5 ملزمان کو سزائے موت اور 2، 2 لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنادی۔ سزائے موت پانے والوں میں مہدی خان، ریاض کمبوہ، عرفان، حنیف اور امام مسجد حافظ اشتیاق شامل ہیں۔ عدالت نے جرم میں شریک دیگر 8 ملزمان کو 2، 2 سال قید کی سزا بھی سنائی جبکہ 93 ملزموں کو بری کردیا گیا۔

یاد رہے کہ نومبر 2014 میں لاہور سے 60 کلومیٹر دور شہر کوٹ رادھا کشن میں ایک اینٹھوں کے بھٹہ پر مشتعل ہجوم نے قرآن پاک کی مبینہ بے حرمتی پر ایک مسیحی جوڑے کو قتل کرنے کے بعد ان کی لاشوں کو جلا دیا تھا۔