ڈبلیو سی آر کی پاکستان میں قیام امن کے لئے کوششیں قابل تحسین ہیں: رانا ثناءاللہ خاں

ڈبلیو سی آر کی پاکستان میں قیام امن کے لئے کوششیں قابل تحسین ہیں: رانا ثناءاللہ خاں

لاہور : پاکستان میں قیام امن کے لئے ہر سطح پر مشترکہ کوششیں انتہائی ضروری ہیں۔ ہمیں بلا تفریق مسلک و مذہب اور رنگ و نسل، ہر طرح کے تعصبات سے بالاتر ہوکر متحدہ ہونا ہوگا۔ آج دنیا میں پاکستان کا نام چند گنتی کے انتہا پسندوں کی وجہ سے بدنام ہورہا ہے۔ پاکستان کے خلاف ہر قسم کی سازشوں کا مقابلہ باہمی اتحاد کے ذریعے ہی ممکن ہے۔

یہ بات صوبائی وزیر قانون و پارلیمانی امور رانا ثناءاللہ خاں نے ورلڈ کونسل آف ریلیجنز کے ایک نمائندہ وفد کے ساتھ ملاقات کرتے ہوئے کی۔ ورلڈ کونسل آف ریلیجنز  (ڈبلیو سی آر) کی طرف سے وفد کی قیادت حافظ محمد نعمان حامد کررہے تھے جبکہ وفد میں شامل دیگر شخصیات میں علامہ زبیر احمد ظہیر، مولانا محمد اسلم ندیم نقشبندی، مولانا عبدالنعیم نعمانی، پیر ولی اللہ شاہ بخاری، مولانا محمد یٰسین عابد، پروفیسر محمد نویدا ور عامر یوسف شامل تھے۔
صوبائی وزیر قانون نے ڈبلیو آر سی کی سماجی ہم آہنگی کے فروغ اور بین المسالک وبین المذاہب امن کے حوالے سے کوششوں کو سراہا اور حکومت کی طرف سے ہر سطح پر تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے کہا کہ ڈبلیو سی آر کی طرف سے صوبائی امن کانفرنس کے انعقاد کی وجہ سے اس سال محرم الحرام کو پرامن بنانے میں حکومت کو بہت مدد ملی۔ انہوں نے کانفرنس کے اعلامیہ کے تمام نکات سے اتفاق کیا اور اپنے تائیدی دستخط ثبت فرمائے۔
علاوہ ازیں میٹنگ میں فیصلہ کیا گیا کہ جنوبی پنجاب میں حکومتی سرپرستی اور تعاون سے امن اور رواداری کے فروغ اور نوجوانوں کو انتہا پسندانہ رجحانات سے بچانے کے لئے ایک منظم مہم شروع کی جائے گی، جس کا باقاعدہ آغاز بہاولپور ڈویژن سے ہوگا۔

مصنف کے بارے میں