رینجرز کی کارروائی، مکان پر چھاپہ مار کر بڑی تعداد میں اسلحہ برآمد کر لیا

رینجرز کی کارروائی، مکان پر چھاپہ مار کر بڑی تعداد میں اسلحہ برآمد کر لیا

کراچی: رینجرز نے گڈاپ ٹاؤن میں کارروائی کرتے ہوئے مکان سےعسکری ونگ کے زیر استعمال اسلحے کا بڑا ذخیرہ برآمد کرلیا،برآمد اسلحہ شہر میں بد امنی پھیلانے اور ٹارگٹ کلنگ کے لئے استعمال کیا جانا تھا،مومن آباد میں سفاک شوہر نے بیوی کو قتل کردیا ۔


کراچی میں رینجرز نے گڈاپ ٹاؤن میں واقع ایک مکان پر چھاپہ مار کر بڑی تعداد میں اسلحہ برآمد کرلیا ہے۔ برآمد کئے گئے اسلحےمیں ایل ایم جی ، سیون ایم ایم رائفل اور ایٹ ایم ایم رائفل ،دو ایس ایم جیز ، 30 بور کے 3 پستول اور 3 رپیٹر کے علاوہ مختلف اقسام کی گولیاں شامل ہیں۔ برآمد ہونے والی گولیوں میں ایس ایم جی کی 1650، ایٹ ایم ایم کی 350، بارہ بور کے 50 کارتوس ، تیس بور پستول کے 50 گولیاں جب کہ 17 میگزین بھی شامل ہیں۔

ترجمان سندھ رینجرز کے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق جس گھر پر کارروائی کی گئی وہ عسکری ونگ کے دہشتگردوں کے زیر استعمال تھا اور پکڑا گیا اسلحہ شہر میں بدامنی اورٹارگٹ کلنگ کے لیے استعمال ہونا تھا۔مومن آباد کے علاقے اورنگی ٹاون کے ایک مکان سے حلیمہ نامی خاتون کی لاش ملی پولیس کے مطابق حلیمہ کو اسکے شوہر اختر نے غیرت کے نام پر قتل کیا اور اپنی ایک سالہ بیٹی کو لیکر فرار ہو گیا ،پولیس نے حلیمہ کی لاش پوسٹ مارٹم کارروائی کے بعد ایدھی سرد خانے منتقل کردی ۔

نیوویب ڈیسک< News Source