اسحاق ڈار کی چھٹی منظور ، وزارت خزانہ بھی وزیراعظم کے سپرد

اسحاق ڈار کی چھٹی منظور ، وزارت خزانہ بھی وزیراعظم کے سپرد

اسلام آباد: حکومت نے وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی 3 ماہ کی چھٹی فوری طور پر منظور کرتے ہوئے وزیر خزانہ کا قلمدان ان سے واپس لے لیا گیا ہے جو اب وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کے پاس رہے گا۔اسحاق ڈار کی چھٹی کی منظوری اور قلمدان واپسی کے الگ الگ نوٹی فکیشن جاری کیے گئے۔
قواعد کے تحت اسحاق ڈار3 ماہ سے قبل آکر ذمے داریاں سنبھال سکتے ہیں، اگر اس مدت میں انہوں نے ذمہ داریاں نہ سنبھالیں تو اسحاق ڈار وفاقی وزیر نہیں رہیں گے۔چھٹی کے دوران وفاقی وزیر کا عہدہ اسحاق ڈار کے پاس رہے گا۔ذرائع کے مطابق وزارت خزانہ کی یومیہ ذمہ داریاں چلانے کے لیے رواں ہفتے وزیر مملکت یا مشیر خزانہ کی تعیناتی کا بھی امکان ہے۔
خیال رہے کہ اسحاق ڈار نے ناسازی طبع کی وجہ سے چھٹی پر جانے کے لیے وزیر اعظم کے نام خط لکھا تھا۔وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے اسحاق ڈار کی درخواست موصول ہونے کے بعد پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور سابق وزیراعظم نواز شریف سے بھی مشاورت کی تھی جس کے بعد اسحاق ڈار کی چھٹی کی درخواست منظور کی گئی۔