اسلام آباد دھرنا کیس کی سماعت بغیر کارروائی کے ملتوی

اسلام آباد دھرنا کیس کی سماعت بغیر کارروائی کے ملتوی

اسلام آباد: اسلام آباد ہائی کورٹ کے جج جسٹس شوکت عزیز صدیقی کی ناساز طبیعت کے باعث فیض آباد انٹرچینج پر جاری مذہبی جماعت کے دھرنے سے متعلق درخواست پر سماعت ملتوی ہو گئی۔ اسلام آباد ہائی کورٹ کے جج جسٹس شوکت عزیز صدیقی ناساز طبیعت کے باعث کیسز کی سماعت نہ کر سکے۔ عدالت نے گزشتہ سماعت پر دھرنا ختم کرانے کے حوالے سے حکومت کو 2 روز کی مہلت دی تھی اور آج حکومت نے دھرنا ختم کرنے کے لئے کیے جانے والے اقدامات سے عدالت کو آگاہ کرنا تھا۔

گزشتہ سماعت پر عدالت نے وزیر داخلہ احسن اقبال کو طلب کرتے ہوئے جڑواں شہروں کو ملانے والے انٹرچینج پر دھرنے پر شدید برہمی کا اظہار کیا تھا جب کہ عدالت نے آئی جی اسلام آباد، چیف کمشنر اور وفاقی سیکرٹری داخلہ کو توہین عدالت کے شوکاز نوٹس بھی جاری کئے تھے۔

دوسری جانب حکومت اور مذہبی جماعت کے درمیان دھرنا ختم کرنے کے حوالے سے ہونے والے تمام اجلاس بے سود رہے اور کوئی فریق اپنے مطالبے سے پیچھے ہٹنے کو تیار نہیں۔

اسلام آباد اور راولپنڈی کو ملانے والے فیض آباد انٹر چینج پر مذہبی جماعت کا دھرنا آج 18ویں روز میں داخل ہو گیا ہے جب کہ امن و امان برقرار رکھنے کے لئے حکومت کی جانب سے کئے گئے اقدامات کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

 

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں