شرپسند دھرنے میں لاشیں گرانا چاہتے ہیں، احسن اقبال

شرپسند دھرنے میں لاشیں گرانا چاہتے ہیں، احسن اقبال

اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال کا کہنا ہے کہ فیض آباد کو سیکیورٹی فورسز کے ذریعے خالی کراسکتے ہیں لیکن مصدقہ اطلاعات ہیں کہ چند شرپسند موجود ہیں جو لاشیں گرانا چاہتے ہیں۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ ختم نبوت کے حوالے سے کوئی تنازع نہیں ہے، یہ قانون خفیہ طریقے سے نہیں بنا، کمیٹی میں مذہبی جماعتوں کے بھی نمائندے موجود تھے، کسی نے سینیٹ سے پہلے اعتراض تک نہیں اٹھایا، ہم نے شک کی بنیاد پر بھی ترمیم کی اجازت دی، اب ختم نبوت کا قانون مزید مضبوط اورسنگین ہوگیا ہے۔انہوں نے کہا کہ چند افراد نے عملاً لاکھوں لوگوں کویرغمال بنارکھاہے، حکومت کوشہریوں کی پریشانی کامکمل احساس ہے، فیض آباد کو سیکیورٹی فورسز کے ذریعے خالی کراسکتے ہیں لیکن مصدقہ اطلاعات ہیں کہ چند شرپسند موجود ہیں جو لاشیں گرانا چاہتے ہیں۔
وزیر داخلہ کا کہنا تھاکہ دھرنے والوں کو سیاست نہیں چمکانے دیں گے، دھرنے کے پیچھے جو مقاصد ہیں جو جانتے ہیں، دھرنے کے قائد ختم نبوت پر سیاست کررہے ہیں، دھرنے والے ملک کے امیج کو نقصان پہنچا رہے ہیں، یہ دھرنے سے ختم نبوت کی کوئی خدمت نہیں کررہے، ریاست ان لوگوں کے آگے سرنڈر نہیں کرے گی۔
احسن اقبال نے کہا کہ ہم مذاکرات کا راستہ بھی اپنا رہے ہیں، اگلے 24 گھنٹوں میں اہم اعلانات ممکن ہیں، دھرنے والے جائز مطالبات اور شکایات پر ہم سےبات کریں، جس قانون کی یہ بات کرتے ہیں وہ وزارت قانون نے تیار نہیں کیا، کسی کی ضد اور انا کے لیے وزیر قانون استعفیٰ نہیں دے سکتے، سڑکوں پر بیٹھ کر استعفیٰ نہیں لیا جاسکتا۔