یورپ میں پارک کا نام ملالہ یوسفزئی سے منسوب

یورپ میں پارک کا نام ملالہ یوسفزئی سے منسوب

میڈرڈ : سپین کے شمال مغربی علاقے کیوبیلوس ڈیل سل کے ایک پارک کو پاکستانی کی نوبیل انعام یافتہ لڑکی ملالہ یوسفزئی کے نام سے منسوب کردیا گیا۔
مقامی ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق اس اقدام کا آغاز 2 سال قبل کیا گیا، جب سکول کے 12 سالہ طلبہ نے عالمی یوم خواتین کے حوالے سے ایک سرگرمی میں حصہ لیا۔سرگرمی کے دوران بچوں نے محسوس کیا کہ اس علاقے میں کسی خاتون کے نام پر کوئی سڑک مخصوص نہیں، جس کے بعد اسکول نے سٹی کونسل کو اس حوالے سے لکھا اور مطالبہ کیا کہ کسی خاتون کے نام پر کوئی جگہ منسوب کی جائے۔


کونسل نے بچوں کو ایک مخصوص جگہ دی اور ان سے پوچھا کہ وہ کس کے نام پر اسے منسوب کرنا چاہیں گے، جس پر انہوں نے پارک کو ملالہ یوسفزئی کے نام سے منسوب کرنے کا فیصلہ کیا۔علاقے کے میئر اینٹونیو کیولاس نے پارک کی تقریب افتتاح میں شرکت کی۔ اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ یہ ایک بہت مناسب جگہ ہے، جہاں بچوں کو کھیل کود اور تفریح کے مواقع دستیاب ہوں گے۔