آئندہ عام انتخابات میں الیکٹرانک مشین استعمال نہیں ہو گی : ڈاکٹر اختر نذیر

آئندہ عام انتخابات میں الیکٹرانک مشین استعمال نہیں ہو گی : ڈاکٹر اختر نذیر

کراچی:ایڈیشنل سیکرٹری الیکشن کمیشن ڈاکٹراختر نذیر نے کہا ہے کہ آئندہ عام انتخابات کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں لیکن الیکشن میں الیکٹرانک مشین استعمال نہیں کریں گے۔


میڈیا ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے ایڈیشنل سیکرٹری الیکشن ڈاکٹراخترنذیر کا کہنا تھا کہ انتخابات 2018 کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں، آئندہ عام انتخابات میں الیکٹرانک مشین استعمال نہیں کی جائے گی جب کہ ووٹرز کے لئے 20 کروڑ بیلٹ پیپرز کی ضرورت ہوگی جن کی طباعت کے لئے ورک آرڈر تیار کرلیا گیا ہے، بیلٹ پیپرز کی طباعت سخت سیکیورٹی میں ہوگی۔


ایڈیشنل سیکرٹری نے کہا کہ عام انتخابات کے لئے 85 ہزار 744 پولنگ اسٹیشنز اور 2 لاکھ 68 ہزار 286 پولنگ بوتھ قائم کئے جائیں گے، ریٹرنگ افسر کو الیکشن کی رات 2 بجے تک نتیجہ لازمی دینا ہوگا، اگر کسی حلقے میں خواتین کے ووٹ کا تناسب 10 فیصد سے کم ہوا تو نتیجہ کالعدم قرار دے دیا جائے گا اور متعلقہ پولنگ اسٹیشن یا حلقے میں پولنگ دوبارہ کرائی جائے گی، اور اگر کسی نے خواتین کو حق رائے دہی سے روکنے کی کوشش کی تو اسے 3 سال قید کے ساتھ ایک لاکھ روپے جرمانہ ادا کرنا ہوگا۔