بھارت میں دولہا گولی لگنے کے باوجود دلہن لینے پہنچ گیا

بھارت میں دولہا گولی لگنے کے باوجود دلہن لینے پہنچ گیا
کیپشن: تصویر بشکریہ اے ایف پی

نئی دہلی: بھارت کے دارالحکومت نئی دہلی میں پولیس نے بتایا ہے کہ ایک دولہا کو اپنی بارات لے جاتے ہوئے گولی لگی لیکن اس کے باوجود وہ شادی کی تقریب میں شرکت کے لیے پہنچ گئے۔

بھارتی ٹی وی کے مطابق25 سالہ شخص سرجری کے چند گھنٹے کے بعد اپنی ہونے والی شریک حیات کے پاس واپس آیا اور اس نے شادی کی رسومات نبھائیں۔


اس دوران گولی ان کے کندھے میں ہی پیوست تھی۔اب پولیس کو ان دو مشتبہ افراد کی تلاش ہے جنھوں نے دولہے کی شادی کی تقریب میں فائرنگ کی۔انڈیا میں شادی کی تقریب کے دوران فائرنگ کا یہ پہلا واقعہ نہیں ہے۔

رواں سال اپریل میں اور سنہ 2016 میں شادی کی تقریبات کے دوران فائرنگ سے دولہے ہلاک ہو چکے ہیں۔عینی شاہدین کا کہنا تھا کہ مسلح افراد حملے سے قبل موٹر سائیکل پر مقامی وقت کے مطابق رات نو بجے آئے اور افراتفری کے دوران بھاگنے میں کامیاب ہوگئے۔

تصویر بشکریہ سوشل میڈیا


پولیس کا کہنا تھا کہ حملہ آور حملے سے قبل دولہے کی گھوڑا بگھی پر سوار ہوئے تھے، اور اس واقعے کے بارے میں انھیں شبہ ہے کہ یہ تشدد کا کوئی معمول کا واقعہ نہیں ہے۔حملے سے قبل دولہے کے اردگرد اس کے دوست اور خاندان کے افراد تھے جو اونچی آواز میں موسیقی پر ناچ رہے تھے، دولہے کا الزام ہے کہ اس پر فائرنگ قتل کرنے کی نیت سے کی گئی۔ڈپٹی کمشنر پولیس وجے کمار نے بتایا کہ زخمی دولہے نے فوراً اپنے بھائی کو بتایا جو انھیں علاج کے لیے بٹرا ہسپتال لے گیا۔

ڈاکٹروں نے زخمی دولہے کا بہنے والا خون تو روک دیا لیکن ایک بڑی سرجری کے بغیر گولی جسم سے نہ نکال سکے۔شادی کی تقریب مکمل ہونے کے بعد دولہا کو دوبارہ ہسپتال داخل منتقل کر دیا گیا۔