میشا شفیع کے علی ظفر پر الزامات، عدالت نے ثبوت مانگ لیے

 میشا شفیع کے علی ظفر پر الزامات، عدالت نے ثبوت مانگ لیے
کیپشن: علی ظفر نے میشا شفیع کے خلاف 100 کروڑ روپے ہرجانے کا دعویٰ دائر کر رکھا ہے۔۔۔۔۔۔فائل فوٹو

لاہور: لاہور کی سیشن عدالت نے اداکار اور گلوکار علی ظفر کی طرف سے ہتک عزت کے کیس میں گلوکارہ میشا شفیع کے وکلا سے 12 دسمبر کو جواب طلب کر لیا۔ عدالت نے میشا شفیع کی طرف سے لگائے گئے الزامات پر ثبوت بھی مانگ لیے۔

ایڈیشنل سیشن جج لاہور شکیل احمد نے اداکار اور گلوکار علی ظفر کی طرف سے گلوکارہ میشا شفیع کے خلاف ہتک عزت کے کیس کی سماعت کی۔

علی ظفر نے میشا شفیع کے خلاف 100 کروڑ روپے ہرجانے کا دعویٰ دائر کر رکھا ہے۔ علی ظفر کا مؤقف ہے کہ میشا شفیع نے جھوٹی شہرت کے لیے ان پر جنسی طور پر ہراساں کرنے کے بے بنیاد الزامات لگائے اور ان الزامات سے پوری دنیا میں اُن کی شہرت متاثر ہوئی۔

علی ظفر نے عدالت سے استدعا کی ہے کہ میشا شفیع کو 100 کروڑ روپے ہرجانہ ادا کرنے کا حکم دیا جائے۔ عدالت نے میشا شفیع کے وکلا سے 12 دسمبر کو جواب طلب کر لیا۔