کراچی، چینی قونصل خانے پر حملہ، 3دہشت گرد ہلاک، 2 پولیس اہلکار وں سمیت 4افراد شہید

کراچی، چینی قونصل خانے پر حملہ، 3دہشت گرد ہلاک، 2 پولیس اہلکار وں سمیت 4افراد شہید
کیپشن: واقعے کی اطلاع ملتے ہی شہر بھر سے پولیس کی اضافی نفری بھی جائے وقوع پر طلب کر لی گئی۔۔۔۔فوٹو/ اسکرین گریب نیو نیوز

کراچی: کراچی کے علاقے کلفٹن میں واقع چینی قونصل خانے کے قریب دھماکے اور فائرنگ کے نتیجے میں 2 پولیس اہلکاروں سمیت چار افراد شہید ہوگئے ۔فائرنگ کے تبادلے میں 3حملہ آور بھی مارے گئے جن کے قبضے سے خودکش جیکٹ اور اسلحہ بھی برآمد کر لیا گیا۔

پولیس حکام کے مطابق صبح ساڑھے 9 بجے کے قریب 3 سے 4 افراد نے قونصلیٹ میں داخل ہونے کی کوشش کے دوران فائرنگ کی جس کے جواب میں چینی قونصلیٹ پر تعینات سیکیورٹی گارڈ نے بھی جوابی فائرنگ کی۔ اس دوران دھماکے کی آواز بھی سنی گئی۔

ڈی آئی جی ساؤتھ جاوید عالم اوڈھو نے تصدیق کی کہ ملزمان کی جانب سے کیے گئے دھماکے کے نتیجے میں قونصلیٹ میں تعینات 2 پولیس اہلکار شہید جبکہ ایک شخص زخمی ہو گیا۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری جائے وقوع پر پہنچ گئی اور علاقے کا محاصرہ کرلیا۔دوسری جانب تمام داخلی و خارجی راستوں کو سیل کر کے قونصلیٹ کی طرف جانے والی ٹریفک روک دی گئی ہے۔

وزیراعلی سندھ نے واقعے پر ایڈیشنل آئی جی پولیس کو فون کیا۔ انہوں نے اس موقع پر پولیس کی مزید فورس کو بھیجنے کی ہدایت جاری کی۔مراد علی شاہ نے ایڈیشنل آئی جی کو ہدایت کی کہ مجھے پل، پل کی خبر دیتے رہیں اور آپ خود وہاں کی نگرانی کریں۔وزیراعلیٰ سندھ نے مزید ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ چائنیز قونصلیٹ میں موجود عملے کی حفاظت کو یقینی بنایا جائے۔

واضح رہے کہ چینی قونصل خانہ سی ویو سے کچھ دور کلفٹن بلاک 4 میں واقع ہے۔ جہاں غیر ملکی قونصل خانوں سمیت ہائی پروفائل دفاتر واقع ہیں۔