دہشتگردوں اورشدت پسندوں کے خلاف جنگ ختم نہیں ہوئی:آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ

دہشتگردوں اورشدت پسندوں کے خلاف جنگ ختم نہیں ہوئی:آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ
کیپشن: فائل فوٹو

راولپنڈی:کراچی میں چینی قونصل خانے پر دہشتگردوں کے حملے اور ہنگومیں دھماکے کے بعد آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا بیان بھی سامنے آگیا ہے اور انہوں نے کہا کہ دہشتگردوں اورشدت پسندوں کے خلاف جنگ ختم نہیں ہوئی۔

تفصیلات کے مطابق پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر ) کی جانب سے جاری کی گئی پریس ریلیز میں بتایا گیا کہ آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ نے ملتان گیریژن کا دورہ کیا۔

انہوں نے اس موقع پر کہا کہ دہشتگردوں اورشدت پسندوں کے خلاف جنگ ختم نہیں ہوئی ،شدت پسندی اوردہشتگردی کی بنیادی وجوہات ختم کرنے کی ضرورت ہے ،کچھ عناصر دانستہ طورپرتصادم کی طرف لے جارہے ہیں جبکہ شدت پسندوں کے خلاف آپریشن کے بعد اب استحکام کیلئے فوج کام کررہی ہے۔آرمی چیف نے آرمڈ فورسزکی تربیتی مشقوں کا بھی جائزہ لیا اورآرمر فارمیشن کی تربیتی مشقیں دیکھیں ۔

جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ شدت پسندی،دہشتگردی کی بنیادی وجوہات کو ختم کرنے کی ضرورت ہے،شدت پسندی کیخلاف آپریشنز کے بعد استحکام کیلئے آپریشن ہو رہے ہیں،شرپسند عناصر اور غیر ملکی دشمن قوتوں سے نبردآزما ہیں،سماجی اور اقتصادی ترقی کی کوششوں کی حمایت کریں گے۔

آرمی چیف کا کہنا تھا کہ کچھ عناصر دانستہ، غیر دانستہ طور پر ملک کو تصادم کی طرف لے کر جا رہے ہیں،ریاست میں مذہب ،لسانیت، کسی اور بنیاد پر انتشار پھیلنے نہیں دیں گے،امن و ترقی اور استحکام قانون کی پاسداری سے ہی ممکن ہے۔