چینی سفارتخانے کی طرف سے کراچی قونصل خانے پر دہشت گردی کی شدید مذمت

چینی سفارتخانے کی طرف سے کراچی قونصل خانے پر دہشت گردی کی شدید مذمت
کیپشن: تصویر بشکریہ اے ایف پی

اسلام آباد:چینی سفارتخانے کی طرف سے کراچی قونصل خانے پر دہشت گردی کی شدید مذمت کی گئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق شہر قائد میں دہشتگردوں کی جانب سے چینی قونصل خانے پر حملے کے بعد پید ا ہونے والی صورتحال پر چینی سفارتخانہ بھی سامنے آگیا ہے اور اس حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔

چینی سفارتخانے کی جانب سے کہا گیا کہ حملے میں کوئی چینی شہری ہلاک یا زخمی نہیں ہوا، پاک فوج اور پولیس کی بروقت کاروائی کو سراہتے ہیں،تین دہشت گرد مارے گئے ہےں، صورتحال قابو میں ہے۔

چینی سفارتخانے کی جانب سے جاری کئے گئے بیان میں مزید کہا گیا کہ حملے میں دو پولیس اہلکاروں کی شہادت پر تعزیت کرتے ہیں، پاک چین تعلقات کو نقصان پہنچانے کی ہر کوشش ناکام ہوگی، پاکستان چینی شہریوں کی حفاظت یقینی بنا رہا ہے۔

خیال رہے کہ آج کراچی میں چینی قونصل خانے پر دہشتگردوں کی جانب سے دستی بموں اور فائرنگ سے حملہ کیا گیا جبکہ پاکستانی سکیورٹی اداروں کی جانب سے بروقت کارروائی کے نتیجہ میں 3 دہشتگرد جہنم واصل ہوگئے جبکہ دو پولیس اہلکاروں سمیت چار پاکستانی شہید ہوگئے۔