دبئی ٹیسٹ :سرفراز احمد نےبلے بازوں سے امیدیں وابستہ کر لیں

دبئی ٹیسٹ :سرفراز احمد نےبلے بازوں سے امیدیں وابستہ کر لیں
کیپشن: ابوظہبی ٹیسٹ میں جو غلطیاں ہوئیں انہیں اب نہیں دہرائیں گے،سرفراز احمد

دبئی : پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کا کہنا ہے کہ نیوزی لینڈ سے ابوظہبی ٹیسٹ ہارنے پر مایوسی ہے لیکن اب میچ نیا ہے، سب کچھ بھلا کر نئے سرے سے پرفارم کریں گے۔

دبئی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے کہا کہ ابوظہبی ٹیسٹ میں جو غلطیاں ہوئیں انہیں اب نہیں دہرائیں گے، کریز پر سیٹ ہوجانے والے بیٹسمینوں کو لمبی اننگز کھیلنی ہوگی۔سرفراز احمد نے کہا کہ نوجوان بولرز جتنا ٹیم کے ساتھ ہوں گے اتنا سیکھتے جائیں گے۔

قومی کپتان نے نیوزی لینڈ کے اسپنر اعجاز پٹیل کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے پریشر میں اچھی بولنگ کی اور میچ کا نتیجہ بدل دیا۔

خیال رہے کہ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان تین ٹیسٹ میچز کی سیریز کا دوسرا ٹیسٹ کل سے دبئی میں شروع ہوگا۔نیوزی لینڈ کے خلاف پاکستان ٹیم کو پہلے ٹیسٹ میں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا، پورے میچ میں حاوی رہنے کے باوجود پاکستان ٹیم کیویز سے میچ 4 رنز سے ہار گئی تھی۔

دبئی ٹیسٹ کیلئے ٹیم کمبی نیشن میں بھی در و بدل ہوسکتا ہے، فاسٹ بولر شاہین آفریدی کو فائنل الیون میں شامل کیے جانے کا امکان ہے۔