اسمگل شدہ موبائل فونز 31 دسمبر کے بعد بلاک کردیے جائیں گے، فواد چوہدری

اسمگل شدہ موبائل فونز 31 دسمبر کے بعد بلاک کردیے جائیں گے، فواد چوہدری
کیپشن: image by facebook

اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ 31 دسمبر کے بعد اسمگل شدہ تمام غیر رجسٹرڈ شدہ موبائل فونز بلاک کردیے جائیں گے اور مستقبل میں ان کی درآمد پر پابندی بھی لگائی جائے گی۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ ’موبائل فونز میں ڈی آئی آر بی ایس سسٹم نافذ کررہےہیں، پاکستان کی مقامی موبائل کمپنیز کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے مستقبل میں استعمال شدہ فون کی درآمد پر پابندی عائد کی جائے گی.

اُن کا کہنا تھا کہ ملک میں پہلے سے موجود موبائل فونز 31 دسمبر کے بعد بلاک نہیں ہوں گے بلکہ نئے درآمد ہونے والے فون بلاک کردیے جائیں گے , وفاقی وزیراطلاعات کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان 28 نومبر کوکرتارپور سرحدی پوائنٹ کا دورہ اور افتتاح کریں گے، افتتاحی تقریب میں بھارتی صحافیوں اور نوجوت سنگھ سدھو کو حکومت کی جانب سے دعوت نامے ارسال کیے جائیں گے۔

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان مسئلہ کشمیر  ایک اہم مسئلہ ہے جس کے حل کیلئے مثبت پیش رفت کرنا ضروری ہے۔ اُن کا کہنا تھا کہ کرتارپور بارڈر پر ویزا فری انٹری ہوگی جس کا باقاعدہ طریقہ کار بنایا جارہا ۔

وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ ’چین نے یقین دلایا کہ وہ ہر صورت پاکستان کا ساتھ دے گا کیونکہ پاکستان ترقی کی راہ پر گامزن ہے اور سب جانتے ہیں کہ پاک چین تعلقات سے کس کو تکلیف ہے۔