آئی سی سی نے ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کا نام تبدیل کردیا

آئی سی سی نے ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کا نام تبدیل کردیا
کیپشن: image by facebook

دبئی: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کا نام تبدیل کر دیا، قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے نام کی تبدیلی کو خوش آئند قرار دیا۔

تفصیلات کے مطابق انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے جمعے کے روز ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کا نام تبدیل کرنے کے حوالے سے اعلامیہ جاری کیا جس کے مطابق آئندہ ایونٹ کو ’ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ‘ لکھا اور پڑھا جائے گا۔آئی سی سی نے سن 2020 میں ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا شیڈول بھی جاری کیا جس کا انعقاد آسٹریلیا میں کیا جائے گا۔

دوسری جانب قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کا ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے نام کی تبدیلی کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہنا تھا کہ پاکستان ٹی 20 کی بہترین ٹیموں میں سے ایک ہے۔اُن کا کہنا تھا کہ امید ہے 2020 کے ٹی20 ورلڈ کپ تک پاکستان ٹیم مزید مضبوط ہوجائے گی اور ہم اس ٹرافی کو حاصل کریں گے۔

یاد رہے کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے ایک اننگز میں 20 اوورز کا مختصر کھیل 2007 میں متعارف کرایا تھا جس کا پہلا میچ 2007 میں جنوبی افریقا کے اسٹیڈیم میں کھیلا گیا تھا۔ جس میں پاکستان اور روایتی حریف بھارت کی ٹیمیں آمنے سامنے تھیں۔

آئی سی سی کے تحت اب تک 5 بار ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کا انعقاد کیا گیا، ان مقابلوں میں 16 ٹیمیں شامل ہیں جن میں 10 مستقبل اور 6 غیر مستقل ٹیمیں ہیں۔ورلڈ کپ کا انعقاد ہر دو سال بعد منعقد کیا جاتا تھا مگر آخری بار 2016 میں ورلڈکپ کا انعقاد کیا گیا تھا جس کے بعد اب 2020 میں مقابلوں کا انعقاد کیا جائے گا۔

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا پہلا مقابلہ 2007 میں جنوبی افریقہ میں منعقد ہوا جس میں بھارتی ٹیم فائنل میں پاکستان کو ہرا کر فاتح قرار پائی تھی بعد ازاں 2009 میں انگلینڈ میں ایونٹ کا انعقاد ہوا جس میں پاکستان نے فائنل میں سرلنکا کو شکست دی تھی جبکہ تیسرے ورلڈکپ کا انعقاد 2010 میں ویسٹ انڈیز میں ہوا جس میں انگلینڈ نے آسٹریلیا کو شکست دی تھی۔