نیب نے اکرم درانی کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کی سفارش کر دی

نیب نے اکرم درانی کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کی سفارش کر دی
کیپشن: قومی احتساب بیورو (نیب) راولپنڈی نے وزارت داخلہ کو خط لکھ دیا۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فائل فوٹو

راولپنڈی: نیب نے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے رہنما اکرم درانی کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کے لیے وزارت داخلہ کو خط لکھ دیا۔ قومی احتساب بیورو (نیب) راولپنڈی نے اکرم درانی کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ ( ای سی ایل) میں ڈالنے کے لیے وزارت داخلہ کو خط لکھا جس میں کہا گیا ہے کہ اکرم درانی کے خلاف بطور سابق ہاؤسنگ وزیر تحقیقات کی جا رہی ہیں لہٰذا ان کا نام ای سی ایل میں ڈال کر بیرون ملک جانے پر پابندی عائد کی جائے۔

واضح رہے کہ اکرم درانی نے اپنی حفاظتی ضمانت کے لیے اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی تھی جس کی سماعت میں نیب نے عدالت کے سامنے مؤقف اپنایا تھا کہ اکرم درانی کے وارنٹ گرفتاری کا جواز پیش کرنے کے لیے مواد نہیں جب کہ وارنٹ اکرم درانی کے نہیں ان کے فرنٹ مین کے جاری کیے گئے۔

نیب پراسیکیوٹر نے عدالت کو بتایا تھا کہ ہم اُس معاملے کے مجرمانہ پہلو پر تفتیش کر رہے ہیں۔ عدالت کے سامنے جو الگ کیس ہے وہ ایک سِول کیس ہے اور ملزم کے فرار ہونے کا خدشہ ہے۔

چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ نے کہا کہ آپ کو یہ خدشہ ہے تو ای سی ایل میں نام ڈال دیں اور آپ نے کرپشن روکنے کے لیے کیس چلانے ہیں۔