ملک میں کورونا کی دوسری لہر شدید، ایک دن میں 34 افراد جان سے گئے

The second wave of Corona hit the country, killing 34 people in one day
کیپشن: پاکستان میں کورونا کیسز اور اموات میں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے: فائل فوٹو

لاہور: پاکستان میں کورونا وائرس کی دوسری لہر شدید ہوگئی ہے۔ گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں 34 افراد کی اموات رپورٹ ہوئی ہیں، جس کے بعد وبائی مرض سے مرنے والوں کی مجموعی تعداد 7696 ہو گئی ہے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کی جانب سے جاری حالیہ رپورٹ کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں ملک بھر میں کورونا وائرس کے مزید 2 ہزار 756 کیس رپورٹ ہوئے ہیں، جس کے بعد متاثرہ افراد کی تعداد 3 لاکھ 76 ہزار 929 سے بڑھ چکی ہے لیکن عوام کی بے احتیاطی بدستور جاری ہے اور ایس او پیز پر عمل درآمد کو یکسر نظر انداز کیا جا رہا ہے۔ دوسری جانب راولپنڈی میں ینگ ڈاکٹرز کے مطالبہ پر بینظیر بھٹو ہسپتال کی او پی ڈی کو بند کرنے کے احکامات جاری کر دیئے گئے ہیں۔

خیال رہے کہ ملک بھر میں کورونا کے پھیلاؤ میں تیزی سے اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔ کیسز میں اضافے کے بعد کراچی میں ضلع وسطی کے 26 علاقے سیل کر دیئے گئے ہیں جبکہ حیدرآباد کے 17 علاقوں میں 5 دسمبر سمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کر دیا گیا ہے۔

ادھر سندھ اسمبلی میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) پارلیمانی لیڈر حلیم عادل شیخ بھی کورونا وائرس کا شکار ہو گئے ہیں۔ کورونا ٹیسٹ مثبت آتے ہی انہوں کو خود و گھر میں قرنطینہ کر لیا ہے۔

کورونا وائرس کے بڑھتے کیسز کے پیش نظر ملک بھر کے تعلیمی ادارے کھلے رہیں گے یا بند ہوں گے، اس کا فیصلہ آج بین الصوبائی وزرائے تعلیم کے اجلاس میں ہوگا۔ وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے کہا ہے کہ 25 نومبر سے تعلیمی اداروں کی بندش چاہتے ہیں۔

گزشتہ روز پشاور میں اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کا جلسہ منعقد ہوا جس میں تمام جماعتوں کے ہزاروں کارکنوں نے شرکت کی۔ خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ اس میں شریک لوگ کورونا وائرس کے پھیلائو کا سبب بن سکتے ہیں۔ حکومت کی جانب سے بارہا اپوزیشن سے اپیل کی گئی تھی کہ وبائی صورتحال کے پیش نظر جلسوں کا انعقاد نہ کیا جائے۔

دوسری جانب دنیا بھر میں بھی کورونا کی دوسری لہر کی تباہ کاریاں جاری ہیں۔ دنیا بھر میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد 5 کروڑ 89 لاکھ 83 ہزار جبکہ ہلاکتوں کی تعداد 13 لاکھ 93 ہزار سے زائد ہو چکی ہے۔

کورونا میں مبتلا اب تک 4 کروڑ7 لاکھ 65 ہزار سے زائد مریض صحت یاب ہو چکے ہیں جبکہ اس وقت ایک کروڑ 68 لاکھ 23 ہزار ایکٹو کیسز موجود ہیں۔ عالمی ادارہ صحت نے خبردار کیا ہے کہ مناسب اقدامات نہ کيے گئے تو آئندہ برس کے اوائل ميں کورونا وائرس کی تيسری لہر کا خطرہ بھی موجود ہے۔