گلگت بلتستان الیکشن: تحریک انصاف نے ایک اور نشست اپنے نام کر لی

Gilgit-Baltistan Election: PTI wins another seat
کیپشن: جی بی اے 3 کے انتخابات جعفر شاہ کے انتقال کی وجہ سے ملتوی کر دیئے گئے تھے: فائل فوٹو

گلگت: تمام پولنگ اسٹیشنز کے غیر حتمی ، غیر سرکاری نتائج کے مطابق جی بی اے 3 میں منعقد ہونے والے انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے امیدوار سہیل عباس 6873 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے۔

ان کے مدمقابل آزاد امیدوار ڈاکٹر محمد اقبال 4678 ووٹ لے کردوسرے جبکہ مسلم لیگ (ق) کے کیپٹن ریٹائرڈ محمد شفیع 4 ہزار 6 سو 54 ووٹ لے کر تیسرے نمبر پر رہے ہیں۔

خیال رہے کہ پاکستان تحریک انصاف نے اس نشست پر پہلے جعفر شاہ کو کھڑا کیا تھا لیکن ان کے اچانک انتقال کی وجہ سے الیکشن کمیشن کو اس حلقے میں انتخابات ملتوی کرنا پڑے اور بعد ازاں 22 نومبر کی تاریخ مقرر کی گئی۔ پی ٹی آئی نے قرعہ سہیل عباس کے نام کا نکالا جنہوں نے دیگر جماعتوں کے امیدواروں کو بری طرح پچھاڑتے ہوئے یہ معرکہ اپنے نام کیا۔

گزشتہ روز جی بی اے 3 میں ہونے والے انتخابات پرامن طریقے سے منعقد ہوئے۔ کہیں کوئی لڑائی جھگڑے کے واقعات کی رپورٹس نہیں آئیں۔ الیکشن کے روز مرد اور خواتین ووٹرز کی دلچسپی دیدنی تھی لوگ پولنگ شروع ہونے سے قبل ہی قطاروں میں لگ کر کھڑے رہے۔ اس حلقے میں الیکشن کمیشن آف گلگت بلتستان کی جانب سے 73 پولنگ سٹیشنز بنائے گئے تھے۔

گلگت بلتستان کے الیکشن میں پاکستان تحریک انصاف پہلے ہی میدان مار چکی ہے، حالیہ کامیابی سے اس کی نشست میں ایک اور اضافہ ہو گیا ہے۔ آزاد امیدواروں کی بڑی تعداد میں شمولیت کے بعد اس کیلئے حکومت بنانے کے امکانات واضح ہو چکے ہیں۔

پاکستان پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) کی جانب سے گلگت بلتستان کے الیکشن میں بھرپور مہم چلائی گئی۔ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو اور ن لیگ کی جانب سے مریم نواز شریف ہر حلقے میں گئیں اور عوام کو راغب کرنے کیلئے بڑے پیمانے پر جلسے کئے گئے لیکن عوام نے تحریک انصاف کے امیدواروں پر اعتماد کرکے انھیں ایوان میں پہنچایا۔ ن لیگ اور پی پی پی کی جانب سے انتخابی نتائج آنے کے بعد مسلسل دھاندلی کے الزامات لگائے جا رہے ہیں۔