بارش کا نیا سسٹم صوبہ پنجاب میں داخل، ابر کرم برسنے کا امکان

New rain system enters Punjab province, possibility of showers
کیپشن: محکمہ موسمیات نے صوبہ پنجاب کے بالائی علاقوں میں بارش کی پیشگوئی کردی: فائل فوٹو

لاہور: محکمہ موسمیات کی جانب سے پیشگوئی کی گئی ہے کہ بارش کا نیا سسٹم صوبہ پنجاب میں داخل ہو چکا ہے جو آئندہ ہفتے بالائی علاقوں میں ابر کرم برسنے کا باعث بنے گا۔

لاہور میں موسم دن بدن سرد ہوتا جا رہا ہے۔ آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران لاہور میں مطلع ابر الود رہے گا جکہ سرد ہوائیں چلنے سے موسم ٹھنڈا ہوگا۔ پنجاب کے دیگر شہروں میں بارشوں کے باعث لاہور کا موسم بھی سرد ہوگا جبکہ دسمبر میں پارہ مزید کم ہوگا جس کے باعث دھند پڑے گی۔

صوبہ پنجاب میں دھند کی وجہ سے سموگ میں اضافہ ہوگا۔ دسمبر میں فضائی آلودگی کی صورتحال مزید خراب ہوجائے گی جس سے سفر کرنے والوں مسائل کا سامنا ہوگا۔

ادھر محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ کراچی میں آج سے 25 نومبر تک ہلکی بارش اور بوندا باندی کا امکان ہے۔ اسلام آباد اور گردونواح میں رم جھم کے بعد موسم خوشگوار ہو چکا ہے۔ اگلے دو روز مزید بارش برسنے کی پیشگوئی کی ہے۔

لاہور میں دھند اور بادلوں کے ڈیرے اور موسم سرد ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق نیا سسٹم پنجاب کے بالائی علاقوں میں بارش برسانے کا باعث بنے گا۔ آج لاہور، میانوالی، گوجرانوالہ، سیالکوٹ اور نارووال میں ہلکی رم جھم کا امکان ہے۔

خیبر پختونخوا میں بھی بارشوں کا نیا سلسلہ آج سے شروع ہوگا۔ پشاور، مردان، کوہاٹ اور کوہاٹ سمیت اکثر علاقوں میں بادل برسیں گے جبکہ پہاڑوں پر برفباری ہوگی۔ بلوچستان کے علاقوں کوئٹہ، زیارت، چمن اور گردونواح میں بھی بارش کی توقع ہے۔

گلگت بلتستان اور کشمیر میں مطلع ابر آلود رہنے کے علاوہ بارش اورپہاڑوں پر برف پڑے گی۔ میٹ آفس کا مزید کہنا ہے کہ 22 نومبر اتوار سے ملک میں مغربی ہواؤں کا سلسلہ داخل ہوگا۔

ملک کے بیشتر بالائی اور وسطی علاقوں میں مطلع ابر آلود رہے گا۔ اس دوران خطہ پوٹھوہار، خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور کشمیر میں مطلع ابر آلود رہنے کے علاوہ بارش اور پہاڑوں پر برفباری کی توقع ہے۔