میچ فکسنگ، مصری ٹینس کھلاڑی یوسف حسام پر تاحیات پابندی عائد

Match-fixing, Egyptian tennis player Youssef Hassam banned for life
حسام نے 2015 اور 2019 کے درمیان انسداد بدعنوانی کے 21 قوانین کی خلاف ورزی کی.فوٹو/فائل

لندن:مصر کے ٹینس کھلاڑی یوسف حسام پر میچ فکسنگ کے جرم میں ملوث پا ئے جانے پر تاحیات پابندی لگا دی گئی، یوسف حسام پر ٹینس انٹیگریٹی یونٹ (ٹی آئی یو) نے ایک سے زیادہ میچ فکسنگ اور بدعنوانی کے دیگر جرائم میں ملوث پائے جانے پر تاحیات پابندی عائد کی۔

ٹی آئی یو کے مطابق 21 سالہ یوسف حسام نے 2015 اور 2019 کے درمیان انسداد بدعنوانی کے 21 قوانین کی خلاف ورزی کی۔ گزشتہ سال مئی میں یوسف حسام کو میچ فکسنگ کے آٹھ مقدمات اور جوئے میں سہولت کاری کے چھ مقدمات میں ملوث پائے جانے پر ٹینس سے عارضی طور پر معطل کیا گیا تھا۔

ٹی آئی یو کے ایک بیان کے مطابق یوسف حسام کو اب کھیل کی گورننگ باڈیز کے ذریعہ منعقدہ یا تسلیم شدہ کسی ٹینس ٹورنامنٹ میں حصہ لینے یا شرکت کرنے سے مستقل طور پر خارج کر دیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ یوسف حسام دسمبر 2017ءمیں مردوں کے انفرادی مقابلوں کی درجہ بندی میں 291 ویں پوزیشن پر تھے۔اس سے قبل ان کے بڑے بھائی کریم حسام پر 2018ءمیں میچ فکسنگ کے متعدد جرائم کے ارتکاب پرعمر بھر ٹینس کھیلنے پر پابندی عائد کردی گئی تھی۔