کسی عہدیدار نے اسرائیل کا دورہ نہیں کیا،سعودی دفتر خارجہ

کسی عہدیدار نے اسرائیل کا دورہ نہیں کیا،سعودی دفتر خارجہ

ریاض: سعودی دفتر خارجہ کے عہدیدار نے واضح کیا ہے کہ سعودی عرب کے کسی عہدیدار نے اسرائیل کا خفیہ دورہ نہیں کیا۔سعودی اخبار کے مطابق دفتر خارجہ کے عہدیدار نے ذرائع ابلاغ میں سعودی عہدیدار کے حال ہی میں اسرائیل کا خفیہ دورہ کرنے کی خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ حقیقت سے اس کا کوئی تعلق نہیں۔


دفتر خارجہ کے عہدیدار نے مزید بتایا کہ سعودی عرب ملاقاتوں اور اقدامات کے سلسلے میں دو ٹوک پالیسی پر گامزن ہے اوراس میں چھپانے والی کوئی بات نہیں۔ دفتر خارجہ کے عہدیدار نے ذرائع ابلاغ سے اپیل کی کہ وہ کوئی بھی خبر جاری کرتے وقت حقیقت دریافت کرنے اور سچائی میں باریک بینی سے کام لیں۔ عہدیدار نے باور کرایا کہ کسی بھی افواہ پر کان نہیں دھرا جائیگا۔

مستقبل میں ایسی کسی بھی اطلاع پر کوئی تبصرہ نہیں کیا جائیگا جو انجانے ذرائع سے میڈیا میں پھیلائی جائیگی۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب اور اس کے عہدیداروں سے عداوت برتنے والے جھوٹے میڈیا کی کسی بھی خبر پر کوئی تبصرہ نہیں ہوگا۔