پانڈو سیکٹر کی سول آبادی پر بھارتی فوج کی شدید ترین گولہ باری

پانڈو سیکٹر کی سول آبادی پر بھارتی فوج کی شدید ترین گولہ باری


چناری:لائن آف کنٹرول کے پانڈو سیکٹر کی سول آبادی پر تیسرے روز بھی بھارتی فوج کی ساڑھے پانچ گھنٹے تک شدید ترین گولہ باری، ایک مکان جزوی طور پر تباہ ،لوگوں نے رات جاگ کر مورچوں اور محفوظ مقامات پر گذاری ،علاقہ میں شدید خوف وہراس پاک فوج کی بھر پور جوابی کارروائی کے بعد بھارتی گنیں خاموش ہو گئیں ۔


تفصیلات کے مطابق بھارتی فوج نے پیر کے روزاڑھائی بجے سے صبح آٹھ بجے تک لائن آف کنٹرول کی سول آبادی ریوند ،اوپی،گندیگراں ،سفیدہ اور بلا سیھٹوپر چھوٹے بڑے ہتھیاروں سے گولہ باری و فائرنگ کا سلسلہ شروع کیا بھارتی فائرنگ سے ریوند کے مقام پر پیر خان ولد باغ علی کا رہائشی مکان جزوی طور پر تباہ ہو گیا گھر کے مکین فائرنگ کے دوران محفوظ مقام پر ہو نے کی وجہ سے معجزانہ طور پر بچ گئے۔


جیسے ہی رات اڑھائی بجے شدید گولہ باری کا سلسلہ شروع ہوا تو لائن آف کنٹرول سے ملحقہ سینکڑوں علاقوں کے عوام بیدار ہو گئے اور وہ اپنے گھروں سے مورچوں اور محفوظ مقامات پر منتقل ہو گئے تیسرے روز بھی پانڈو سیکٹر میں گولہ باری و فائرنگ کا سلسلہ جاری رہنے کے باعث عوام میں شدید خوف وہراس پھیل گیا ہے


دریں اثناء پیر کی صبح آٹھ بجے لائن آف کنٹرول کے اوڑی پانڈو سیکٹر میں فائرنگ کا سلسلہ تھمتے ہی سرینگر مظفرآباد بس سروس دارالحکومت مظفرآباد سے لائن آف کنٹرول کے چکوٹھی ٹریول اینڈ ٹریڈ سینٹر پر پہنچی جہاں پر مقبوضہ کشمیر جا نے والے مسافروں کی معمول کی چیکنگ کے بعد آزاد کشمیر سے سرینگر مظفرآباد بس سروس کے 41مسافرلائن آف کنٹرول کو ملا نے والے چکوٹھی اوڑی امن برج کراس کر کے مقبوضہ کشمیر پہنچ گئے جبکہ مقبوضہ کشمیر سے آنے والے47 مسافر بھی آزاد کشمیر پہنچ گئے