فاروق ستار، خواجہ اظہار، وسیم اختر، عامر خان پر فرد جرم عائد

فاروق ستار، خواجہ اظہار، وسیم اختر، عامر خان پر فرد جرم عائد
کیپشن: ملزمان پر جولائی 2015 میں اشتعال انگیز تقریر میں سہولت کاری کا الزام ہے۔۔۔۔۔فائل فوٹو

کراچی: اشتعال انگیز تقریر کے مقدمات میں ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما فاروق ستار، عامر خان، خواجہ اظہار، رؤف صدیقی، قمر منصور، ریحان ہاشمی اور دیگر پر فرد جرم عائد کر دی گئی ہے۔

اشتعال انگیز تقریر کے 26 مقدمات کی انسداد دہشتگردی عدالت میں سماعت ہوئی۔ ایم کیو ایم رہنما فاروق ستار، خواجہ اظہار، وسیم اختر، عامر خان و دیگر عدالت میں پیش ہوئے۔

عدالت نے 21 مقدمات میں ایم کیو ایم رہنماؤں فاروق ستار، عامر خان، خواجہ اظہار، رؤف صدیقی، قمر منصور، ریحان ہاشمی پر فرد جرم عائد کر دی۔

دوران سماعت عدالت نے ریمارکس دیئے کہ ملزمان پر جولائی 2015 میں اشتعال انگیز تقریر میں سہولت کاری کا الزام ہے۔ عدالت نے ملزمان سے استفسار کیا کہ کیا یہ جرم قبول ہے۔

فاروق ستار، وسیم اختر و دیگر ملزمان نے صحت جرم سے انکار کر دیا جس کے بعد عدالت نے گواہان کو طلب کرتے ہوئے سماعت 10 نومبر تک ملتوی کر دی۔

عدالت نے ریمارکس دیے کہ آئندہ سماعت پر مزید 4 مقدمات میں فرد جرم عائد کی جائے گی۔