کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کی 10 دن کی حفاظتی ضمانت منظور

کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کی 10 دن کی حفاظتی ضمانت منظور
کیپشن: اپنی درخواست میں کیپٹن (ر) صفدر نے خدشہ ظاہر کیا کہ نیب انہیں گرفتار کر لے گا۔۔۔۔۔فائل فوٹو

لاہور: لاہور ہائیکورٹ نے سابق وزیراعظم نواز شریف کے داماد کیپٹن ریٹائرڈ محمد صفدر کی 10 دن کی حفاظتی ضمانت منظور کر لی۔لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس علی باقر نجفی اور جسٹس شاہد بلال حسن پر مشتمل بنچ نے کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کی حفاظتی ضمانت کی درخواست پر سماعت کی۔

درخواست گزار نے مؤقف اپنایا کہ نیب خیبرپختونخوا نے ان کی طلبی کا نوٹس جاری کیا لیکن نوٹس میں یہ نہیں بتایا گیا کہ انہیں کس کیس میں بلایا گیا ہے۔

اپنی درخواست میں کیپٹن (ر) صفدر نے خدشہ ظاہر کیا کہ نیب انہیں گرفتار کر لے گا لہذا عدالت ان کی حفاظتی ضمانت منظور کرے۔

سماعت کے بعد عدالت نے کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کی 10 دن کی حفاظتی ضمانت منظور کر لی اور انہیں 5، 5 لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکے جمع کرانے کا حکم دے دیا۔