نمبر ون کی جنگ : پاکستان اور آسٹریلیا پہلے ٹی 20 کیلئے کل آمنے سامنے ہو نگے

نمبر ون کی جنگ : پاکستان اور آسٹریلیا پہلے ٹی 20 کیلئے کل آمنے سامنے ہو نگے
کیپشن: فوٹو بشکریہ پی سی بی

ابوظہبی: پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان 3 ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کل سے متحدہ عرب امارات میں شروع ہوگی۔


قومی کرکٹ ٹیم نے آسٹریلیا کو 2 ٹیسٹ میچز کی سیریز میں ایک صفر سے شکست دی جس کے بعد اب دونوں ٹیموں کے درمیان 3 ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کھیلی جائے گی۔ٹی ٹوئنٹی سیریز کا پہلا میچ کل ابوظہبی میں کھیلا جائے گا جبکہ دوسرا میچ 26 اکتوبر اور آخری ٹی ٹوئنٹی 28 اکتوبر کو دبئی میں ہوگا۔

پہلے ٹی ٹوئنٹی میں قومی ٹیم کے ممکنہ کھلاڑیوں میں کپتان سرفراز احمد، محمد حفیظ، فخر زمان، بابر اعظم، حسین طلعت، آصف علی، شاداب خان، عماد وسیم، فہیم اشرف، حسن علی اور شاہین آفریدی شامل ہیں۔ تین میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں پاکستان اپنے سب سے قابل اعتماد اور سینیئر بیٹسمین، سابق کپتان شعیب ملک کی خدمات سے محروم ہوگی۔

ٹی ٹوئنٹی سیریز کے حوالے سے قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کا کہنا ہے کہ دونوں سیریز بہت اہم ہیں، آسٹریلیا کی ٹیم بھی بہت مضبوط ہے لیکن ہم اپنی ٹاپ پوزیشن کو برقرار رکھنے کی کوشش کریں گے۔

 یاد رہے کہ پاکستان کو ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں نمبر ایک برقرار رہنے کیلئےآسٹریلیا سے ایک میچ لازمی جیتنا ہوگا جب کہ آسٹریلیا کو پہلی پوزیشن حاصل کرنے کیلئے پاکستان سے سیریز تین صفر سے جیتنی ہوگی۔آسٹریلیا 1-2 سے سیریز جیت کر بھارت کو نمبر دو پوزیشن سے محروم کرسکتا ہے۔دونوں ٹیموں کے درمیان اب تک 17 ٹی ٹوئنٹی میچزہوئے ہیں جن میں پاکستان کا پلہ بھاری ہے اور اس نے دس میچز جیتے ہیں۔ آسٹریلیا نے سات میں کامیابی حاصل کی ہے۔