سکول پرنسپل کی گرفتاری کے بعد نجی سکولز ایسوسی ایشن کا بڑا بیان سامنے آگیا 

سکول پرنسپل کی گرفتاری کے بعد نجی سکولز ایسوسی ایشن کا بڑا بیان سامنے آگیا 

اسلام آباد: آل پاکستان پرائیویٹ سکولز اینڈ کالجز ایسوسی ایشن کے صدر ملک ابرار حسین نے راولپنڈی کے ایک نجی سکول کے پرنسپل کی محکمہ ایکسائز کی جانب سے  گرفتاری پر شدید رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر پرنسپل کو فوری رہانہ کیا گیا تو آج سے ملک بھر کے تعلیمی ادارے احتجاجاَ بند کردیے جائیں گے ۔ 

تفصیلات کے مطابق راولپنڈی کے ایک  نجی سکول پر محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کی ٹیم نے جمعرات کو چھاپہ مارا اور چکلالہ سکیم تھری میں قائم نجی سکول کے پرنسپل ڈاکٹر ماجد عباسی کو گرفتار کر لیا تھا ۔ 

اس حوالے سے جاری بیان میں ایسوسی ایشن کے صدر ملک ابرار حسین کا کہناتھاکہ یہ گرفتاری کھلی دہشت گردی ہے ۔ 

انہوں نے کہا کہ عمارت کے مالک نے ٹیکس نہیں دیاتو کرایہ دار رجسٹرڈ سکول کے مالک  کو گرفتار کر لیا گیا  ہے ۔ مالک مکان نے اگر ٹیکس ادا نہیں کیا تو اس میں کرایہ دار کا کیا قصور ہے ؟

ملک ابرار حسین نے کہا کہ یہ عمل کھلی دہشت گردی اور تعلیم دشمنی کے مترادف ہے ، ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن افسران کی کارروائی خلاف قانون ہے ۔ 

ملک ابرار حسین نے کہا کہ  وزیراعظم پاکستان اور وزیر تعلیم اس واقعہ کا نوٹس لیں اور پرنسپل کو رہا کروائیں ، 

اگر پرنسپل کو فوری طور پر رہا نہ کیا گیا تو آج سے ملک بھر کے نجی تعلیمی ادارے احتجاجاَ بند کردیں گے ، جس کی تمام تر ذمہ داری حکومت وقت پر عائد ہوگی ۔