کلبھوشن یادیو نے بھارتی منصوبہ بے نقاب کر دیا 

kulbhushan jadhav
کیپشن: کلبھوشن یادیو نے بھارتی منصوبہ بے نقاب کر دیا 

اسلام آباد: کلبھوشن یادیو نے بھارتی سفارتکاروں کی سازش اور گھنائونی چال کو بے نقاب کر دیا ،کلبھوشن نے بھارتی ناظم الامور سے سخت ترین لہجہ میں بات کرتے ہوئے کہا کہ تم کیسے نیوی کے ایک سینئر کمیشن افسر کو پاگل اور دماغی غیر حاضر کہہ سکتے ہو ،میں ہشا ش بشاش ،تندرست اور دماغی طو ر پر مکمل حاضر ہوں ۔

تفصیلات کے مطابق بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو کو 16جولائی کو قونصلر رسائی دی گئی تھی،سفارتی ذرائع نے انکشاف کیا کہ بھارتی ناظم الامور نے قونصلر رسائی کو سبوتاژ کرنے کا منصوبہ بنا یا تھا لیکن عین وقت پر کلبھوشن یادیو نے بھارتی منصوبے کو ناکام بنا دیا ،تجزیہ نگاروں کا کہنا ہے کہ بھارتی ناظم الامور نے جان بوجھ کر کلبھوشن کو پاگل قرار دینے کی ایک ناکام کوشش کی تھی تاکہ اسے پھانسی کے پھندے سے بچایا جا سکے ،لیکن یادیو نے بھارتی ناظم الامور کے منصوبے کو اس وقت ناکام بنا دیا جب یادیو نے بھارتی ناظم الامور کی بات کو ماننےسے انکار کر دیا ۔

ملاقات کے دوران بھارتی ناظم الامور گوروو آہلووالیا نے کلبھوشن یادیو سے تلخ کلامی کی،بھارتی ناظم الامور نے جیسے ہی کلبھوشن کو دماغی طور پر غیر حاضر اور پاگل قرار دیا تو کلبھوشن نے اسی وقت بھارتی ناظم الامور کو ٹوکتے ہوئے کہا کہ تم کیسے نیوی کے ایک کمیشن آفیسر کو پاگل قرار دے سکتے ہو میں مکمل طور پر صحت مند اور ہشاش بشاش ہوں ۔

واضح رہے حسین مبارک پٹیل کے نام سے بھارتی خفیہ جاسوس کلبھوشن یادیو کو پاکستان کی سکیورٹی فورسز نے کامیاب آپریشن کے بعد گرفتار کیا تھا جس کو پاکستان کی بہت بڑی کامیابی مانا جاتا ہے ،کلبھوشن کو لے کر پاکستان نے پوری دنیا میں بھارت کا مکروہ چہرہ بے نقاب کیا ،بھارتی پاسپورٹ کے مطابق یادیو  30 اگست 1968 کو بھارتی ریاست مہاراشٹرا کے شہر سانگلی میں پیدا ہوا،کلبھوشن یادیو نے اعتراف جرم میں اس بات کو تسلیم کیا کہ اسے بھارتی خفیہ ایجنسی کی طرف سے پاکستان میں خفیہ معلومات اکھٹا کرنے کیلئے ہی بھیجا گیا تھا ۔