پاکستان کو گرے لسٹ میں رکھنے کی بھارتی خواہش کبھی پوری نہیں ہو گی، وزیر خارجہ

Shah mehmood qureshi, FATF
کیپشن: پاکستان کو مقبوضہ وادی میں آبادیاتی تناسب تبدیل کرنے کی بھارتی کوششوں پر شدید تشویش ہے، وزیر خارجہ۔۔۔۔۔۔۔۔۔فائل فوٹو

اسلام آباد: وفاقی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان کو گرے لسٹ میں رکھنے کی بھارتی خواہش کبھی پوری نہیں ہو گی اور بھارت کو اپنے فیصلوں پر نظر کرنا ہو گی۔ پاکستان نے ایف اے ٹی ایف کی سفارشات پر سو فیصد عملدرآمد کیا اور ہندوتوا نظریے کی پیروکار مودی حکومت علاقائی امن کیلئے خطرہ بن گئی ہے۔ بھارت مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں کر رہا ہے۔ 

 شاہ محمود قریشی نے کہا دنیا اس بات کا اعتراف کر چکی ہے کہ ہم نے دہشت گردوں کی مالی معاونت اور منی لانڈرنگ روکنے کے لیے ہر سطح پر اقدامات اٹھائے ہیں۔

شاہ محمود قریشی نے مزید کہا کہ ہم نے جو اقدامات اٹھائے ہیں اس میں پاکستان کی بہتری ہے اور فیٹف کو پاکستان کے لئے گنجائش پیدا کرنی چاہیے۔ 27 میں سے 21 پر سو فیصد ہم عمل کر چکے ہیں اور ہمارے اقدامات کا اعتراف دنیا کرتی ہے۔ بھارت کے عزائم تھے کہ پاکستان بلیک لسٹ میں جائے لیکن وہ اپنی ان کوششوں میں ناکام ہو گا۔

بھارت کے ساتھ مذاکرات کے حوالے سے وفاقی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ بھارت کو اپنے اقدامات پر نظر ثانی کرنا ہوں گی اور عمران خان نے پہلے دن کہا تھا کہ امن کی طرف ایک قدم بڑھائے ہم دو قدم بڑھائیں گے۔ اس ماحول میں کیا مذاکرات ہونگے۔

انہوں نے کہا کہ کشمیر سے متعلق بھارتی آئین کی شق 370 کی ہماری نظر میں کوئی حیثیت نہیں جبکہ مقبوضہ وادی میں آبادیاتی تناسب تبدیل کرنے کی بھارتی کوششوں پر شدید تشویش ہے۔

کراچی واقعے پر ان کا کہنا تھا کہ اس کی انکوائری ہو رہی ہے اور تحقیقات مکمل ہونے تک ہمیں انتظار کرنا چاہیے، واقعے کی ویڈیو سامنے آچکی ہے جس سے بہت سے مفروضے دم توڑ گئے ہیں۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ قومی مفادات بالخصوص کشمیر، کلبھوشن یادیو اور ایف اے ٹی ایف کے معاملات پر سیاست درست نہیں، بدقسمتی سے ہمارے کچھ سیاستدان بھارت کی چال سمجھ نہیں پار ہے اور بھارت کلبھوشن تک رسائی نہ لے کر معاملہ دوبارہ عالمی عدالت لے جانا چاہتا ہے۔

سابق وزیراعظم نواز شریف سے متعلق انہوں نے کہا کہ ہم نے نواز شریف کی لندن روانگی کے لئے خطیر رقم کی شرط رکھی۔ عدالت نے اسے مناسب نہیں سمجھا ، ہمیں ان کا احترام ہے۔ نواز شریف کو واپس آکر کیسز کا سامنا کا سامنا کرناچاہیے۔ اور موقع ضائع نہ کریں۔

وفاقی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ لندن میں نواز شریف پوری طرح سیاسی سرگرمیوں میں ملوث ہو چکے ہیں، برطانیہ کو کارروائی کرنی چاہیے ، وزیراعظم کے موقف میں وزن ہے ، برطانیہ کو اپنے قوانین کے مطابق فیصلہ کرنے کی درخواست کی ہے۔