رؤف حسن وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے اطلاعات مقرر

رؤف حسن وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے اطلاعات مقرر
کیپشن: رؤف حسن کی تقرری اعزازی طور پر کی گئی، نوٹی فکیشن۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فائل فوٹو

اسلام آباد: رؤف حسن کا وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات کے طور پر تقرر کر دیا گیا ہے۔ کابینہ ڈویژن نے اس حوالے سے باقاعدہ نوٹی فکیشن بھی جاری کر دیا ہے۔ جاری کردہ نوٹی فکیشن کے تحت رؤف حسن کی تقرری اعزازی طور پر کی گئی۔ 

رؤف حسن کو نامزد کیے جانے سے متعلق حکومتی فیصلے کی بات میڈیا میں گزشتہ روز سے گردش کر رہی تھی۔ رؤف حسن سابق وزیراعظم نواز شریف کے پرنسپل سیکریٹری کے بھائی ہیں۔

اپوزیشن کی جانب سے تنقید کرنے کے بعد وزیر اعظم نے 12 اکتوبر 2020 کو چیئرمین سی پیک اتھارٹی لیفٹیننٹ جنرل (ر) عاصم سلیم باجوہ کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات کے عہدے سے مستعفیٰ ہونے کی درخواست منظور کر لی تھی۔

چیئرمین سی پیک اتھارٹی عاصم سلیم باجوہ نے اس حوالے سے ازخود سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کردہ پیغام میں کہا تھا کہ انہوں نے وزیر اعظم عمران خان سے معاون خصوصی کا عہدہ چھوڑنے کی درخواست کی تھی جسے منظور کر لیا گیا۔ 

لیفٹیننٹ جنرل (ر) عاصم سلیم باجوہ نے ایک ماہ قبل بھی وزیر اعظم عمران خان کو اپنا استعفیٰ پیش کیا تھا جسے وزیر اعظم کی جانب سے مسترد کر دیا گیا تھا۔