سموگ کی بڑھتی ہوئی شدت کے باعث پاک زمبابوے سیریز کا شیڈول تبدیل

سموگ کی بڑھتی ہوئی شدت کے باعث پاک زمبابوے سیریز کا شیڈول تبدیل

لاہور: آئندہ ماہ لاہور میں سموگ کی ممکنہ شدت کے باعث پاک زمبابوے شیڈول تبدیل ہو گیا۔ سموگ کی وجہ سے میچز لاہور سے راولپنڈی اور کراچی منتقل کر دیئے گئے ۔زمبابوے سیریز میں شامل ٹی 20 میچز  راولپنڈی میں ہوں گے۔


سموگ نے کرونا کے بعد لاہور میں  انٹرنیشنل کرکٹ بحالی کو نظر لگا دی۔ لاہور کی بڑھتی ہوئی فضائی آلودگی اور سموگ کی صورتحال نے لاہور سے ٹی ٹونٹی سیریز اور پی ایس ایل کی میزبانی چھین لی۔سات، نو اور دس نومبر کو زمبابوے کے خلاف ہونے والے ٹی ٹونٹی میچز کی میزبانی راولپنڈی کو مل گئی۔پی ایس ایل فائیو کے چیمپئن بننے کی جنگ اب کراچی میں ہوگی۔ چودہ اور پندرہ نومبر کے ایلمنیٹر اور کوالیفائیر سمیت سترہ نومبر کو ہونے والے فائنل کی میزبانی کراچی کرے گا۔

ون ڈے سیریز کا پہلا میچ 30 اکتوبر کو راولپنڈی میں کھیلا جائیگا جبکہ اسکواڈ 26 اکتوبر کو لاہور سے راولپنڈی کا سفر کرے گا۔پاکستانی ٹیم اکتوبر اور نومبر میں زمبابوے کے خلاف تین ون ڈے اور تین ٹی ٹونٹی میچز کھیلنے والی ہے جس کے بعد گرین شرٹس نیوزی لینڈ کا سفر کرے گی جہاں وہ دو ٹیسٹ اور تین ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلے گی۔  

ادھر زمبابوے کرکٹ ٹیم کے کرونا ٹیسٹ کے نتائج بھی آگئے ہیں، تمام کھلاڑیوں اور آفیشلز کے کرونا ٹیسٹ منفی آ گئے ہیں، 27 تاریخ تک زمبابوے کے تمام کھلاڑی اور آفیشلز قرنطینہ میں رہیں گے، قومی کرکٹرز بائیو سکیور ببل کے لئے لاہور کے نجی ہوٹل میں پہنچ گئے۔