وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال مستعفی

 وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال مستعفی
سورس: فائل فوٹو

کوئٹہ : بلوچستان کی سیاسی صورتحال بدل گئی ہے۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال  نے استعفیٰ دے دیا ہے۔

نیونیوز کے مطابق وزیراعلیٰ جام کمال نے  استعفی سے قبل دوستوں سے مشاورت کی جس کے بعد انہوں نے یہ فیصلہ کیا۔ انہوں نے اپنے اہلخانہ کو  بھی کوئٹہ سے کراچی  بھیج دیا ہے۔ 

قبل ازیں وزیراعلیٰ جام کمال سے وزیر دفاع پرویز خٹک  اور چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے ملاقات کی دونوں نے انہیں مستعفی ہونے پر راضی کیا ۔ 

واضح رہے کہ وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال کے خلاف ان کی پارٹی کے ایم پی ایز نے اپوزیشن کے ساتھ مل کر تحریک عدم اعتماد  پیش کی تھی ۔

20 اکتوبر کو ہونے والے بلوچستان اسمبلی کے اجلاس میں اسپیکر میر عبدالقدوس بزنجو کی زیر صدارت ہوا جس میں وزیراعلیٰ جام کمال کے خلاف تحریک عدم اعتماد پیش کی گئی۔

رکن اسمبلی سردار عبدالرحمان کھیتران نے وزیراعلیٰ کے خلاف تحریک عدم اعتماد پیش کی جس کی 65 ارکان پر مشتمل بلوچستان اسمبلی کے 33 ارکان نے تحریک عدم اعتماد پیش کرنے کی حمایت کی تھی۔

قرارداد پر بحث  کے بعد اسپیکر بلوچستان اسمبلی نے تحریک عدم اعتماد پر  پیر 25 اکتوبر کو  11 بجے رائے شماری کا وقت مقرر کیا تھا۔