لاہور کے بعد شہر اقتدار میں ممکنہ احتجاج ،اسلام آباد پولیس نے حکمت عملی تبدیل کر لی 

TLP Pakistan,Theerek Labik Pakistan,Islamabad Police,

اسلام آباد:مذہبی جماعت نے احتجاج کا رُخ لاہور سے اقتدار شہر کی طرف موڑ لیا ،اسلام آباد میں ممکنہ احتجاج کو دیکھتے ہوئے اسلام آباد پولیس نے شہر میں کنٹینر ز کے پہاڑ کھڑے کر دئیے ۔

نمائندہ نیو نیوز کے مطابق مذہبی تنظیم کے احتجاج سے نمٹنے کیلئے اسلام آباد پولیس نے اپنی حکمت عملی تبدیل کر لی ہے، ذرائع کے مطابق مختلف مقامات کو بند کرنے کے لئے 100 سے زائد کنٹینر اسلام آباد پہنچ گئے ہیں ،ممکنہ احتجاج اور کالعدم مذہبی جماعت کے کارکنوں کو شہر اقتدار میں داخلے سے روکنے کیلئے جگہ جگہ رکاوٹیں کھڑی کی جا رہی ہیں ۔

شہر اقتدار کے داخلی راستوں کو بند کرنے کا فیصلہ آئی جی اسلام آباد قاضی جمیل الرحمن کے زیر صدارت اعلی سطح کے اجلاس میں کیا گیا جس کے تحت کاک پل، کورال،کھنہ ،ترامڑی چوک، بہارکہو۔ زیروپوائنٹ اور دیگر مقامات کو بند کیا جا رہا ہے ۔

دوسری طرف شہر کے داخلی راستوں کو بند کرنے کی وجہ سے شہری مشکلات کا شکار ہیں ،جڑواں شہروں میں راستے بند ہونے کی وجہ سے ٹریفک کا نظام درہم برہم ہو گیا ہے ۔