خیبر ایجنسی، دہشت گردوں کی چیک پوسٹ پر فائرنگ، لیفٹیننٹ ارسلان عالم شہید

خیبر ایجنسی، دہشت گردوں کی چیک پوسٹ پر فائرنگ، لیفٹیننٹ ارسلان عالم شہید

خیبر ایجنسی: ایک اور بہادر سپوت نے مادر وطن کی حفاظت کرتے ہوئے جان نچھاور کر دی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق خیبر ایجنسی میں افغانستان کی حدود سے دہشت گردوں نے پاک فوج کی راجگال میں قائم کی گئی چیک پوسٹ پر فائرنگ کر دی۔ سرحد پار سے دہشتگردوں کی فائرنگ کے نتیجے میں  چیک پوسٹ کے آفیسر کمانڈنگ لیفٹیننٹ ارسلان عالم شہید ہو گئے۔

لیفٹیننٹ ارسلان عالم نئی قائم ہونیوالی پوسٹ پرکمانڈنگ آفیسر تعینات تھے جبکہ ان کی عمر 22 سال تھی اور وہ 3 بہنوں کے اکلوتے بھائی تھے۔

حال ہی میں راجگال میں قائم کی گئی پوسٹ کا مقصد افغانستان سے آنے والے دہشت گردوں کی نقل وحمل پر نظر رکھنا تھا۔

یاد رہے رواں سال 17 مارچ کو سرحد پار سے دہشت گردوں نے خیبر ایجنسی کی تحصیل لنڈی کوتل کے علاقے لوئی شلمان میں چیک پوسٹ پر حملہ کیا جس کے نتیجے میں 2 اہلکار شہید اور 4 زخمی ہوئے جبکہ پاک فوج کی بھرپور جوابی کارروائی میں 6 دہشت گرد بھی ہلاک ہو گئے تھے۔

اس سے قبل مارچ کے مہینے کے آغاز میں ہی پاک-افغان سرحد کے قریب مہمند ایجنسی میں افغانستان سے دہشت گردوں کے حملے میں پاک فوج کے 5 اہلکار شہید ہوئے تھے جبکہ سیکیورٹی فورسز کی جوابی کارروائی میں 15 دہشت گردوں کی ہلاکت کا دعویٰ کیا گیا تھا۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں