برمی فوج نے دوران زچگی مسلمان خاتون پر گولیاں چلا دیں

برمی فوج نے دوران زچگی مسلمان خاتون پر گولیاں چلا دیں

ینگون : میانمار فوج کی مسلم کش کارروائیوں میں درندگی کی ایک اور ایسی مثال سامنے آگئی ہے کہ انسانیت کا سر بھی شرم سے جھک جائے۔ سفاک برمی فوجیوں نے دورانِ زچگی مسلمان روہنگیا خاتون پر گولیاں چلادیں۔


اطلاعات کے مطابق جان بچا کر میانمار سے بنگلادیش پہنچنے والی ایک مسلمان خاتون نے ہجرت کی بھیانک داستان بیان کرتے ہوئے بتایا کہ 2 ستمبر کی رات وہ راخائن میں اپنے گھر میں زچگی کے درد سے تڑپ رہی تھیں کہ انہوں نے شدید فائرنگ اور دھماکوں کی آوازیں سن کر جان بچانے کیلئے گھرچھوڑ کر وہاں سے نکلنے کا فیصلہ کیا۔


تیس سالہ حمیدہ اپنے دیگر بچوں اور شوہر کے ہمراہ تاریکی میں بھاگ کر جنگل میں نکل گئیں جہاں اس کنبے نے بے سرومانی کی حالت میں 48 گھنٹے گزارے۔ حمیدہ نے بتایا کہ جنگل میں زچگی کا درد شدت اختیار کرگیا اور کچھ دیر بھی ان کے ہاں بچے کی پیدائش ہوگئی۔ وہ نیم بیہوشی کی حالت میں وہاں لیٹی تھیں جبکہ نوزائیدہ بچے کو ان کے وجود سے الگ بھی نہیں کیا جاسکتا تھا۔ اسی دوران سرکاری فوج بھی جنگل میں پہنچ گئی اور اس نے وہاں چھپے ہوئے روہنگیا مسلمانوں پر اندھادھند فائرنگ شروع کردی۔