سعودی عرب میں شاہ فیصل مرحوم کی خلائی مخلوق کے ساتھ تصویر پر ہنگامہ مچ گیا

سعودی عرب میں شاہ فیصل مرحوم کی خلائی مخلوق کے ساتھ تصویر پر ہنگامہ مچ گیا

ریاض :سعودی عرب میں اسکول کی نصابی کتب میں شاہ فیصل مرحوم کی خلائی مخلوق کے ساتھ جعلی تصویر شائع ہونے پر ہنگامہ مچ گیا اور وزیرتعلیم نے معافی مانگ لی ہے۔


اطلاعات کے مطابق سعودی عرب میں تاریخ کے مضمون کی کتاب میں ایک تصویر شائع ہوئی جس میں مرحوم شاہ فیصل کو امریکی ڈرامہ سیریل اسٹار وارز کے کردار یوڈا کے ساتھ بیٹھے دکھایا گیا ہے اور شاہ فیصل 1945 میں اقوام متحدہ کے قیام کے میثاق پر دستخط کررہے ہیں۔ یہ تصویر 26 سالہ سعودی مصور عبداللہ الشیری نے بنائی جس کی اشاعت پر مملکت میں حیرانی و پریشانی کی لہر دوڑ گئی۔


وزیرتعلیم احمد عیسی نے اسے بڑی غلطی قرار دیتے ہوئے معافی مانگ لی اور کتابوں کو واپس لینے کے احکامات جاری کردیے۔ کتابوں کو درست کرنے کے بعد دوبارہ شائع کیا جارہا ہے جب کہ غلطی کے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کے لیے قانونی کمیٹی تشکیل دے دی گئی۔