وفاقی کابینہ میں ردوبدل کا حتمی فیصلہ، اسد عمر واپسی کیلئے راضی

 وفاقی کابینہ میں ردوبدل کا حتمی فیصلہ، اسد عمر واپسی کیلئے راضی
وزیراعظم کے دورہ امریکہ کے بعد کابینہ میں ردوبدل حتمی ہے۔۔۔۔۔فوٹو/ سوشل میڈیا

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے وفاقی کابینہ میں ردوبدل کا حتمی فیصلہ کر لیا جس کیلئے ہوم ورک مکمل کر لیا گیا۔ وزیراعظم نے اسد عمر کو دوبارہ کابینہ میں شمولیت پر راضی کر لیا۔


پرویز خٹک، شفقت محمود، اعظم سواتی، فواد چودھری، زبیدہ جلال، فیصل واوڈا اور دیگر کے محکمے تبدیل کئے جانے کا امکان ہے۔ فیصل آباد سے فرخ حبیب، عالیہ حمزہ کو کابینہ میں شامل کئے جانے کا قوی امکان ہے۔ سینیٹر احمد خان، سینیٹر انوار الحق کے نام زیر غور ہیں۔ باپ کے کوئٹہ سے ایک وزارت کے لئے دو سینیٹرز اور ایم این اے سردار اسرار ترین کا نام شامل ہے۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم کے دورہ امریکہ کے بعد کابینہ میں ردوبدل حتمی ہے جس میں ڈاکٹر بابر اعوان کو بھی ذمہ داری دی جائے گی۔ فواد چودھری کو چیف سپوکس مین بنانے کی تجویز تھی لیکن اس پر ابھی تک عمل نہیں ہو سکا۔ ق لیگ کو مزید ایک وزارت دی جائے گی اور اسد عمر کو پٹرولیم کی وزارت دی جا سکتی ہے تاہم کچھ اہم وزرا سے وزارت واپس لی جا سکتی ہے۔