آصف زرداری سے وکیل کی ملاقات کی درخواست مسترد

 آصف زرداری سے وکیل کی ملاقات کی درخواست مسترد
جتنی رعایت کرو سب اتنا سر پر چڑھتے ہیں، جج محمد بشیر۔۔۔۔۔۔فوٹو/ سوشل میڈیا

اسلام آباد: احتساب عدالت نے سابق صدر آصف علی زرداری سے وکیل فاروق ایچ نائیک کی ملاقات کی درخواست مسترد کر دی۔ جج محمد بشیر نے پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری سے وکیل کی ملاقات کی درخواست کی سماعت کی۔ چوہدری ریاض ایڈووکیٹ نے درخواست میں کہا کہ پیر کو آصف علی زرداری کے وکیل فاروق ایچ نائیک مصروف ہیں۔ اس لیے کسی دوسرے دن آصف زرداری سے ملاقات کی اجازت دی جائے۔


جج محمد بشیر نے کہا کہ اس دن آپ نے دیکھا وکیل صاحب میرے ساتھ کتنی بدتمیزی کر رہے تھے۔ جتنی رعایت کرو سب اتنا سر پر چڑھتے ہیں۔ چوہدری ریاض ایڈووکیٹ نے کہا کہ مجھے نہیں معلوم کس وکیل نے بدتمیزی کی تھی۔

جج محمد بشیر نے حکم دیا کہ جس دن ملاقات کا وقت مقرر ہے تب ہی ملاقات کریں اور زیادہ مسئلہ ہے تو جائیں اوپر سے اجازت لے لیں۔

خیال رہے کہ آصف زرداری اور ان کی ہمشیرہ فریال تالپور جعلی اکاؤنٹس اور منی لانڈرنگ کیس میں گرفتار ہیں۔