پاکستان نے امریکا کی جنگ میں شامل ہو کر غلطی کی, وزیر اعظم عمران خان

 پاکستان نے امریکا کی جنگ میں شامل ہو کر غلطی کی, وزیر اعظم عمران خان
کیپشن: Image Source: File Photo

نیویارک: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ نائن الیون کے بعد پاکستان نے امریکا کی جنگ میں شامل ہو کر غلطی کی تھی۔

 

تفصیلات کے مطابق ، وزیراعظم عمران خان نے فارن ریلیشنز کونسل میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ کھیل میں بہت کچھ سیکھنے کا موقع ملتا ہے، کھیل آپ کو زندگی کا اہم سبق سکھاتے ہیں۔ میں بائیس سال کی جدوجہد کے بعد اس مقام پر پہنچا ہوں۔

 

پاکستان کی معاشی صورتحال پر بات کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ماضی کی حکومتیں ملکی معیشت کو درست سمت پر گامزن کرنے میں ناکام رہیں۔ اقتدار میں آئے تو ملک کی معاشی صورتحال بہت ابتر تھی۔ گھروں کو چلانے کیلئے اخراجات کم اور آمدن بڑھانا پڑتی ہے۔

 

انہوں نے کہا کہ ماضی کی حکومتیں پاکستان میں خسارہ چھوڑ کر گئیں۔ ماضی میں اخراجات کے مقابلے میں آمدن کو نہ بڑھایا جا سکا۔ ان کی ناکامی کی وجہ سے عالمی مالیاتی فنڈ کے پاس جانا پڑا۔ چین، سعودی عرب اور یو اے ای نے معاشی حالات بہتر کرنے میں مدد کی۔

 

وزیر اعظم نے پاک امریکا تعلقات اور افغانستان کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے کہا کہ کہ ماضی میں پاکستان نے روس کیخلاف امریکا کیساتھ مل کر مزاحمت کی۔ روسی جنگ میں مجاہدین کو ہیرو بنا کر پیش کیا گیا لیکن روس کے افغانستان سے نکل جانے کے بعد امریکا نے پاکستان کو تنہا چھوڑ دیا۔

 

وزیر اعظم نے کہا کہ نائن الیون کے بعد امریکا کو پھر پاکستان کی ضرورت پڑی اور ہمیں جہادیوں کیخلاف جنگ کرنے کا کہا گیا۔ نائن الیون کے بعد پاکستان نے امریکا کی جنگ میں شامل ہو کر غلطی کی۔

 

عمران خان نے کہا کہ دہشتگردی کیخلاف جنگ میں پاکستان کا 200 ارب کا نقصان ہوا۔ دہشتگردی کیخلاف جنگ میں 70 ہزار سے زائد پاکستانیوں نے اپنی جانیں گنوائیں۔ واحد شخص ہوں جس کا موقف رہا کہ افغان مسئلے کا فوجی حل نہیں ہے۔

 

وزیراعظم کہا کہ میں نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو بھی ملاقات میں یہی بتایا کہ افغانستان کا فوجی حل ممکن نہیں، میں افغان تاریخ سے واقف ہوں، افغانستان میں کبھی بیرونی طاقت قبضہ نہیں کر سکتی۔

 

انہوں نے تسلیم کیا کہ افغانستان میں سیاسی مذاکرات کی کامیابی بہت ہی مشکل مرحلہ ہے۔ میرے خیال میں طالبان پورے افغانستان پر کنٹرول نہیں رکھ پائینگے۔ افغانستان میں پائیدار امن سیاسی مذاکرات سے ہی ممکن ہے۔ افغانستان میں امن معاہدے پر دستخط ہونے والے تھے لیکن بدقسمتی سے لمحات میں طے نہ پا سکا۔

 

ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ پاک افغان سرحد پر پہلی بار باڑ لگائی جا رہی ہے۔ پاکستان افغان مہاجرین کی وجہ سے اپنی سرحد مکمل بند نہیں کر سکتا۔