نیشنل ٹی 20کپ میں بھی پیسہ ہی پیسہ،تقریباً90لاکھ روپے کی انعامی رقم تقسیم ہوگی

نیشنل ٹی 20کپ میں بھی پیسہ ہی پیسہ،تقریباً90لاکھ روپے کی انعامی رقم تقسیم ہوگی

لاہور:نیشنل ٹی 20کپ میں بھی پیسہ ہی پیسہ ،گزشتہ سیزن کے برابر کھلاڑیوں اور ٹیموں کو تقریباً 90لاکھ روپے کی خطیر رقم بطور انعام دی جائے گی۔

تفصیلات کے قومی ٹی 20 کرکٹ ٹورنامنٹ 30 ستمبر سے ملتان میں شروع ہورہا ہے، ملک بھر سے بہترین کرکٹرز6 ایسوسی ایشنز کی نمائندگی کرتے ہوئے ایکشن میں ہوں گے۔

پی سی بی کی جانب سے جارہ کردہ پریس ریلز کے مطابق  ایونٹ کی فاتح ٹیم کو 50لاکھ روپے کی انعامی رقم دی جائے جبکہ دوسری فائنلسٹ ٹیم 25لاکھ روپے کی حقدار قرار پائے گی،یہی نہیں بلکہ ٹورنامنٹ کے بہترین کھلاڑی،بیٹسمین،بائولر اور وکٹ کیپر کو ایک،ایک لاکھ روپے کی انعامی رقم بھی دی جائے گی۔

سیزن کے پہلے ٹورنامنٹ کے دوران ہر میچ کے بہترین کھلاڑی کو 25ہزار روپے دیئے جائیں گے جبکہ ڈبل لیگ کی بنیاد پر کھیلے جانے والے اس ایونٹ کے مین آف دی فائنل کو بطور انعام 35ہزار روپے ملیں گے۔ایونٹ کا فائنل 18اکتوبر کو پنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں  میں کھیلا جائے گا۔

یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ ٹورنامنٹ میں تقسیم ہونے والی یہ تقریباً90لاکھ روپے کی انعامی رقم ڈومیسٹک کنٹریکٹ کے حامل کھلاڑیوں کو ملنے والی ماہوار وظیفے اور میچ فیس کے علاوہ ہے۔ادھر سیزن 21-2020 کا ڈومیسٹک کنٹریکٹ حاصل کرنے والا ایک کرکٹر ماہوار وظیفے اور میچ فیس کی مد میں سالانہ 18سے 32لاکھ روپے کیٹگری کے اعتبار سے کمائے گا۔

عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑیوں کے لئے پرکشش انعامی رقم کا اعلان پاکستان کرکٹ بورڈ کی اس پالیسی کے عین مطابق ہے جس کا مقصد ڈومیسٹک کرکٹ کے معیار کو مزید بہتر بنانا ہے۔

ڈائریکٹر ہائی  پرفارمنس ندیم خان کا کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے کرکٹ سے حاصل ہونے والے پیسے کو واپس کرکٹرز کی فلاح و بہبود پر خرچ کرنے کو ہی ہدف بنارکھا ہے اور یہی وجہ ہے کہ نیشنل ٹی 20کپ میں مجموعی طور پر تقریبا ً90لاکھ روپے کی انعامی رقم مختلف انداز سے کھلاڑٰیوں میں تقسیم کی جائے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ ماہوار وظیفے اور میچ فیس کی مد میں پی سی بی پہلے ہی کھلاڑیوں کی کمائی کا ایک نیا اور پرکشش سٹرکچر متعارف کرواچکا ہے ،اب کوویڈ19 کے دوران ڈبل لیگ کی بنیاد پر کھیلا جانے والا یہ ایونٹ کھلاڑیوں کی آمدن کو دگنا کردے گا۔