وزیراعظم عمران خان نے ون ونڈو کمپلینٹ سسٹم کی منظوری دیدی

وزیراعظم عمران خان نے ون ونڈو کمپلینٹ سسٹم کی منظوری دیدی

اسلام آباد: وفاقی اداروں کے کمپلینٹ سیلز کو پاکستان سٹیزن پورٹل سے منسلک کرنے کا فیصلہ، وزیر اعظم آفس نے وفاقی وزارتوں کو مراسلہ جاری کر دیا۔

تفصیل کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے تمام کمپلینٹ سیلز کا ایک مرکزی نظام بنانے کی ہدایت دی ہے۔ ابتدائی طور پر وفاقی وزارتوں کے 33 شکایات سیل منسلک کیے جائیں گے۔

وزیراعظم نے مختلف شکایتی سیلز کے ون ونڈو آپریشن پر 60 روز میں کا کام مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ وقت اور وسائل کی بچت کے ساتھ تھرڈ پارٹی آڈٹ کا نظام موثر ثابت ہوگا۔

وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کے اس اقدام سے شکایات درج کروانے کا نظام مستحکم ہوگا۔ مختلف وفاقی اداروں میں کمپلینٹ سیلز کام کر رہے ہیں۔ ایک باہمی اور مربوط روابط پر مشتمل یونیورسل شکایتی نظام کی اشد ضرورت ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ عوام کی مشکلات اور شکایات کو حل کرنے کے لیے موثر نظام کی تشکیل میں مددگار ہوگا۔ شہریوں کی ہر قسم کی شکایات میرٹ پر حل کی جائیں گی۔ ون ونڈو آپریشن کے ذریعے شہریوں کو ان کی شکایات کے حل سے متعلق آگاہی میسر ہوگی۔