آرمی چیف سے ملاقاتیں نواز شریف اور مریم نواز سے متعلق نہیں تھیں، محمد زبیر

آرمی چیف سے ملاقاتیں نواز شریف اور مریم نواز سے متعلق نہیں تھیں، محمد زبیر
کیپشن: آرمی چیف سے ملاقات کیلئے نواز شریف یا مریم نواز نے نہیں کہا تھا، محمد زبیر۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فائل فوٹو

لاہور: سابق گورنر سندھ محمد زبیر نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقاتوں کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ میں مریم نواز کا کوئی پیغام لے کر نہیں گیا تھا۔

محمد زبیر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اسد عمر کے بیٹے کے ولیمے میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ موجود تھے۔ اس وقت انہوں نے کہا تھا کہ جب اسلام آباد آئیں گے تو ملاقات ہو گی۔ جب ملاقات ہوئی تو میں نے ان سے کہا کہ میں نواز شریف یا مریم نواز کے کسی کیس کے لیے نہیں آیا۔

سابق گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ نواز شریف یا مریم نواز نے ملاقات کرنے کا نہیں کہا تھا۔ میں کھانے پر گیا تھا اور ہماری ڈسکشن ہوئی۔ پہلی ملاقات میں ڈی جی آئی ایس آئی نہیں تھے تاہم دوسری ملاقات میں وہ موجود تھے۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ میرے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے چالیس سال پرانے تعلقات ہیں۔ سمجھ میں نہیں آ رہا کہ ترجمان پاک فوج کو یہ بات کیوں کرنا پڑی۔ 

ان کا مزید کہنا تھا کہ سیاسی ملاقات تب ہوتی اگر نواز شریف، شہباز شریف یا مریم نواز کو اس بارے میں پتا ہوتا۔ مریم نواز سے میری ملاقاتیں ہوتی رہتی ہیں۔