بالی ووڈ کے وہ اداکار جو پاکستان آنے کے لیے بیتاب ہیں

بالی ووڈ کے وہ اداکار جو پاکستان آنے کے لیے بیتاب ہیں

بالی ووڈ کے وہ اداکار جو پاکستان آنے کے لیے بیتاب ہیں

ممبئی: بھارتی فلم انڈسٹری میں بننے والی فلموں کو پاکستان میں بھی پسند کیا جا تا ہے اسی لیے پاکستان میں بھی ان کے چاہنے والے بڑی تعداد میں موجود ہیں جب کہ دونوں ممالک کے کشیدہ تعلقات کے باعث اداکاروں کے لیے ایک دوسرے کے ملکوں کا دورہ کرنا انتہائی مشکل کام ہے تاہم کئی اداکاروں کے خاندان سرحد کے دونوں اطراف بستے ہیں جن کے دلوں کو دور کرنا ناممکن ہے۔

شاہ رخ خان: 

 شاہ رخ خان پاکستان آنے کی دیرینہ خواہش رکھتے ہیں جس کا اظہار انہوں نے کئی بار کیا ہے جب کہ اپنے انٹر ویو میں شاہ رخ خان کا کہنا تھاکہ 15 سال کی عمر میں والد کے ساتھ پاکستان کا دورہ کیا تھا جس کی یادیں اب بھی ان کے دل میں زندہ ہیں۔بالی ووڈ اداکار کے کئی رشتے دار اب بھی پشاور میں آباد ہیں جب کہ ان کی خواہش ہے کہ اپنے بچوں کے ہمراہ آبائی علاقے کا دورہ کریں۔

عامر خان: 

بالی ووڈ میں مسٹر پرفیکشنسٹ کے نام سے مشہور اداکار عامر خان  کی فلموں کو پاکستان میں بے حد پسند کیا جاتا ہے اور پاکستان میں بھی ان کے مداح لاکھوں کی تعداد میں ہیں۔ عامر خان 2004 میں پاکستان کا دورہ کرچکے ہیں جب کہ انہوں نے متعدد بار پاکستان سے والہانہ محبت کا اظہار کیا ہے۔ بالی ووڈ اسٹار کے کئی رشتہ دار پاکستان کے شہر کراچی میں مقیم ہیں جن سے ملاقات کے لیے پاکستان کا دورہ کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔

سلمان خان: 

بالی ووڈ کے دبنگ سپر اسٹار سلمان خان کسی تعارف کے محتاج نہیں۔ اداکار سلمان خان نوجوانوں کے سب سے مقبول اداکار ہیں جب کہ انہوں نے بھارتی فلم انڈسٹری کو کئی بلاک بسٹر فلمیں دی ہیں جس میں ’’تیرے نام‘‘،’’نوانٹری‘‘،’’دبنگ‘‘،’’وانٹڈ‘‘،’’کک‘‘شامل ہیں تاہم ان کی حال ہی میں ریلیز ہونے والی فلم’’بجرنگی بھائی جان‘‘ تمام ریکارڈ اپنے نام کرچکی ہے۔ سلمان خان نے اب تک پاکستان کا کوئی دورہ نہیں کیا تاہم انہوں نے اپنی فلم’’بجرنگی بھائی جان‘‘ کی پروموشن کے لیے پاکستان کا دورہ کرنے کی خواہش کا اظہار کیا تھا۔

سدھارت ملہوترا: 

 بالی ووڈ اداکار سدھارت ملہوترا ان دنوں پاکستانی اداکار فواد خان کے ساتھ فلم کی شوٹنگ میں مصروف ہیں جس کی وجہ سے دونوں اداکاروں میں گہری دوستی ہوگئی ہے جب کہ پاکستان کے تاریخی مقامات سے متاثر ہوکر سدھارت ملہوترا نے پاکستان کی سیر کا ارادہ ظاہر کرتے ہوئے جلد دورے کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔

کرینہ کپور: 

 بالی ووڈ کی بیبو کے آباؤ اجدا کا تعلق بھی پاکستان کے قدیم شہر پشاور سے ہے جب کہ انہوں نے اداکار سیف علی خان کے ساتھ2012 میں شادی کی ہے اور دونوں خوشگوار زندگی گزار رہے ہیں۔ بالی ووڈ اداکارہ لاہوری کھانوں کی انتہائی دلدادہ ہیں اور انہوں نے گزشتہ دنوں پاکستان کا دورہ کرنے کا اعلان کیا جب کہ ان کے میاں کے رشتے داروں کی بڑی تعداد پاکستان کے شہر لاہور میں مقیم ہے جن سے ملاقات کا ارادہ رکھتی ہیں۔