میشا شفیع نے لکس سٹائل ایوارڈ میں اپنی نامزدگی مسترد کر دی

میشا شفیع نے لکس سٹائل ایوارڈ میں اپنی نامزدگی مسترد کر دی
کیپشن: بشکریہ انسٹا گرام

لاہور: لکس سٹائل ایوارڈ  2019 اپنی نامزدگیوں کے حوالے سے مسلسل اعتراضات کا شکار, ماڈل ایمان سلیمان  کے بعد میشا شفیع نے  بھی اپنے گانے ’میں‘ کی نامزدگی کو مسترد کرنے کی درخواست کر دی ۔ 

نامور گلوکارہ میشا شفیع نے لکس سٹائل ایوارڈز کی انتظامیہ سے درخواست کی ہے کہ وہ لکس ایوارڈ 2019 سے ان  کے گانے ’میں‘ کو بہترین گانے کی نامزدگی سے نکال دیں۔ 

اس سے قبل  بیسٹ ایمرجنگ ٹیلنٹ کی نامزدگی میں ماڈل ایمان سلیمان نے اپنا نام مسترد کروا دیا تھاجس کی وجہ بتاتے ہوئے انہوں نے کہا تھا کہ  لکس اسٹائل ایوارڈز میں ایک ایسے شخص کو بھی نامزد کیا گیا ہے جس پر ایک خاتون کو ہراساں کرنے کا الزام ہے۔ اس کے علاوہ ملبوسات کے برانڈ اور ایک میک اپ آرٹسٹ صائمہ بارگفریڈ نے بھی اپنی نامزدگیوں کو مسترد کر دیا تھا۔

گلوکارہ میشا شفیع نے اپنے گانے ’میں‘ کی نامزدگی کو مسترد کرنے کی وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ  انہوں نے یہ گانا اس وقت گایا تھا جب وہ اپنی زندگی کے مشکل دور سے گزر رہی تھیں اور وہ نہیں سمجھتیں کہ انہیں اپنی شناخت پانے کے لئے کسی ایوارڈ کی ضرورت ہے۔

واضح رہے کہ گذشتہ سال میشا شفیع نے گلوکار علی ظفر پر انہیں جنسی ہراساں کرنے کا الزام عائد کیا تھاجس کے بعد ان کا مقدمہ تا حال عدالت میں ہے۔ اس ایوارڈ میں علی ظفر کی فلم "طیفا ان ٹربل" کو بھی  نامزد کیا گیا ہے ۔