رمیز راجہ کا کرکٹ لاک ڈاؤن ختم کرنے کا مطالبہ

رمیز راجہ کا کرکٹ لاک ڈاؤن ختم کرنے کا مطالبہ

لاہور:قومی ٹیم کے سابق کپتان رمیز راجہ نے ”کرکٹ لاک ڈاؤن“ ختم کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ سرگرمیاں بحال نہ ہوئیں تو بورڈز زیادہ دیر تک بقا کی جنگ نہیں لڑسکیں گے۔

اپنے یوٹیوب چینل پرایک ویڈیو میں 57 سالہ رمیز راجہ نے کہا کہ کورونا وائرس کی وجہ سے زندگی پر ایک جمود کی کیفیت طاری ہے، میرے خیال میں اس صورتحال میں کرکٹ بورڈز زیادہ دیر تک بقا کی جنگ نہیں لڑسکیں گے، اگر کرکٹ ہی نہیں ہوتی تو ان کیلیے ملازمین کی تنخواہیں دینا اور دیگر اخراجات برداشت کرنا مشکل ہوتا جائیگا، پی سی بی کو دیگر بورڈز کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے کوئی ایسا حل نکالنا چاہیے کہ کم از کم بند دروازوں کے پیچھے ہی کرکٹ ممکن ہوسکے۔

انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کے بحران کا ویکسین کی تیاری تک کوئی موثر حل نہیں نکلے گا، فی الحال سماجی فاصلوں کو برقرار رکھنے سمیت تمام تر احتیاطی تدابیر اختیار کرنے میں ہی سب کی بھلائی ہے، دوسری جانب معیشت کا پہیہ جام رکھنے سے بھی بے پناہ مسائل پیدا ہوں گے، کسی بھی ملک کیلیے مسلسل لاک ڈاؤن تباہ کن ثابت ہوسکتا ہے، پاکستان کی حکومت صنعتوں کو فعال کرنے کی کوشش کررہی ہے، میرے خیال میں کرکٹ انڈسٹری کو بھی بحال ہونا چاہیے۔

رمیز راجہ نے کہا کہ پی سی بی کو سب سے پہلے قدم اٹھاتے ہوئے دیگر بورڈز کو اس بات پر قائل کرنے کی ضرورت ہے کہ سرگرمیاں شروع کرنے کیلیے بات چیت اور درست پلاننگ کرنا چاہیے، دوسری صورت میں کوئی بورڈ امیر ہو یا غریب بالا آخر اس کی ہمت جواب دے جائے گی، لوگ کرکٹ کو ترسے ہوئے ہیں، خالی سٹیڈیمز میں میچز بھی بھرپور توجہ کا مرکز بنیں گے۔