وزیراعظم کی جہانگیر ترین سے ملاقات سے اداروں پر دباؤ بڑھے گا، علی امین

وزیراعظم کی جہانگیر ترین سے ملاقات سے اداروں پر دباؤ بڑھے گا، علی امین
کیپشن: وزیراعظم کی جہانگیر ترین سے ملاقات سے اداروں پر دباؤ بڑھے گا، علی امین
سورس: فائل فوٹو

ڈیرہ اسماعیل خان: وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان علی امین گنڈا پور نے کہا ہے کہ اداروں کی رپورٹ میں جہانگیر ترین کرپشن میں ملوث پائے گئے ہیں۔ 

وفاقی وزیر علی امین گنڈاپور کا کہنا تھاکہ وزیراعظم کی جہانگیر ترین سے ملاقات سے اداروں پردباؤ بڑھےگا، ان کی ملاقات سے نرم گوشے کا تاثر جائے گا۔ کہ اداروں کی رپورٹ میں جہانگیر ترین کرپشن میں ملوث پائے گئے ہیں، عمران خان اورکابینہ اس کیس میں مداخلت نہیں کریں گے۔

علی امین گنڈاپور کا کہنا تھا کہ ثبوتوں کے باوجود شہباز شریف کو ضمانت مل گئی، پاکستان میں وائٹ کالر کرائم ثابت کرنا مشکل ہے، نیب قوانین کو سخت اور آسان بنانا ہو گا۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین سے مزید ارکان اسمبلی نے ملاقاتیں کر کے مکمل حمایت کی یقین دہانی کرا دی۔ چینی اسکینڈل کے نامزد ملزم اور تحریک انصاف کے ناراض رہنما جہانگیر ترین سے مزید اراکین اسمبلی نے ملاقاتیں کر کے انہیں حمایت کا یقین دلایا ہے۔

جھنگ سے تحریک انصاف کے ایم این اے صاحبزاده محبوب سلطان اور ایم این اے صاحبزادہ امیر سلطان نے جہانگیر ترین سے ملاقات کی اور کہا کہ جہانگیر ترین کی تحریک انصاف کے لیے گراں قدر خدمات ہیں اور ہماری تمام تر حمایت ان کے ساتھ ہے جبکہ اکٹھے مل کر پارٹی کے اندر سے جاری سازش کا مقابلہ کریں گے۔

راولپنڈی سے تحریک انصاف کے ایم پی اے عمر تنویر بٹ نے بھی جہانگیر ترین سے ملاقات کی اور کہا کہ جہانگیر ترین تحریک انصاف کے مشکل وقت کے ساتھی ہیں اور آج ان کے خلاف پارٹی کے اندر سے سازش کر کے مشکلات کھڑی کی گئیں ہیں، اس عمل کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے، میری تمام تر حمایت جہانگیر ترین کے ساتھ ہے۔

دوسری طرف گورنر پنجاب چوہدری سرور سے جہانگیر ترین گروپ کے اہم رہنماؤں نے ملاقات کی اور اپنے تحفظات سے آگاہ کر دیا، گورنر پنجاب سے ملاقات کرنے والوں میں راجا ریاض، صوبائی وزراء اجمل چیمہ اور خیال احمد کاسترو سمیت دیگر شامل ہیں۔

گورنر پنجاب نے رہنماؤں کو یقین دہانی کرائی کہ آپ کے جو بھی تحفظات ہیں ان کو دور کیا جائے گا اور عمران خان سے آپ سب کی ملاقات جلد یقینی بنانے کے لیے کردار ادا کروں گا۔