کورونا کم ہوجائے تو عوام سے ملاقات کا منتظر ہوں: شہباز شریف

کورونا کم ہوجائے تو عوام سے ملاقات کا منتظر ہوں: شہباز شریف
سورس: file

لاہور: پاکستان مسلم لیگ(ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے عوام، پارٹی کارکنان اور رہنماؤں سے اظہار تشکر کرتے کہا ہے  کہ اللہ تعالیٰ کا جتنا شکر ادا کروں کم ہے، جس نے ایک بار پھر ہمیں سرخرو فرمایا اور سچائی کو عیاں کر دکھایا۔ 

نیو نیوز کے مطابق شہباز شریف نے اپنے بیان میں کہا کہ آپ کی محبتوں سے بڑا میرے لئے کوئی اثاثہ نہیں۔اللہ تعالی کا شکر ادا کرتا ہوں کہ آپ جیسے مخلص، نظریاتی اور وفاشعار ساتھیوں کا ساتھ ملا ۔میں اپنی بہنوں اور بیٹیوں کا بھی خاص طور پر شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے کمال جرات اور دلیری سے ہمیشہ قیادت اور پارٹی کی حمایت کی۔

انہوں نے کہا کہ انشاء اللہ، کورونا کی ہلاکت خیزی میں کمی کے ساتھ ہی آپ سب سے ملاقات کے لئے منتظر ہوں ۔کورونا کی شدید لہر میں آپ سے درخواست ہے کہ فی الحال خود کو گھروں تک محدود کریں۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ آپ سب سے التجا ہے کہ موجودہ سنگین حالات میں اپنی اور اپنے پیاروں کی زندگیوں کو محفوظ بنانے کو یقینی بنائیں ۔اللہ تعالیٰ آپ سب سمیت پوری قوم اور انسانیت پر رحم فرمائے اور ان مصائب سے بھرے ایام سے ہمیں نجات دے۔ 

واضح رہے کہ منی لانڈرنگ کیس میں لاہور ہائیکورٹ کے تین رکنی بنچ نے شہباز شریف کی منظور کی تھی جس کے بعد انہیں گزشتہ روز کوٹ لکھپت جیل سے رہا کردیا گیا تھا۔