بھارت میں عالمی وبا نے دنیا بھر کیلئے خطرے کی گھنٹی بجا دی

بھارت میں عالمی وبا نے دنیا بھر کیلئے خطرے کی گھنٹی بجا دی

نیو دہلی: عالمی ادارہ صحت نے بھارت میں کورونا کی صورتحال کو دنیا بھر کے لیے خطرے کی گھنٹی قرار دے دیا ۔

امریکی رپورٹ کے مطابق بھارت میں کورونا کی حالیہ تباہ کن لہر ’ڈبل میوٹنٹ‘ نامی کورونا وائرس کی نئی قسم ہے ۔

واضح رہے کہ بھارت میں کورونا وائرس کا بحران شدید ہو گیا ، مسلسل تیسرے روز کورونا کے ریکارڈ 3 لاکھ 46 ہزار سے زائد کورونا کے کیسز سامنے آئے جبکہ 2 ہزار 621 ہلاکتیں ہوئیں ۔

ادھر بھارتی ریلوے کے ذریعے ریاست مہاراشٹرا اور اتر پردیش میں آکسیجن ٹینکوں کی سپلائی کا آغاز ہوگیا ۔ مودی سرکار نے 23 موبائل آکسیجن پلانٹس جرمنی سے بھی مانگ لیے ۔

دارالحکومت دہلی سمیت کئی شہروں کے ہسپتالوں میں آکسیجن اور ادویات کی شدید قلت بدستور جاری ہے ۔ دکانوں پر دوائیوں کی قلت کی وجہ سے بھارتی شہری دس گنا زیادہ رقم دے کر چند دوائیں لینے پر مجبور ہیں ۔

دوسری جانب کینیڈا، ہانگ کانگ ، برطانیہ اور امارات کے بعد کویت نے بھارت سے آنے والی پروازوں پر پابندی عائد کر دی ہے ۔

واضح رہے کہ اس سے قبل اپنے پیغام میں وزیراعظم عمران خان نے کورونا وبا میں بھارتی عوام سے یکجہتی کا اظہار کیا تھا، انہوں نے بھارت سمیت دنیا میں کورونا متاثرین کی صحت یابی کیلئے دعا بھی کی تھی ۔

اپنی ٹویٹ میں عمران خان نے کہا کہ بھارتی عوام وبا کی خطرناک لہر کا سامنا کر رہے ہیں ۔ بھارت کے عوام سے مشکل وقت میں اظہار یکجہتی کرتے ہیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ انسانیت کو بچانے کیلئے عالمی وبا سے مل کر لڑنا ہوگا ۔